Wednesday, January 15, 2025
ہومپاکستانہائیکورٹ ،این اے 128،بیلٹ پیپرز کی کاونٹر فائل فراہم نہ کرنے کا حکم کالعدم قرار

ہائیکورٹ ،این اے 128،بیلٹ پیپرز کی کاونٹر فائل فراہم نہ کرنے کا حکم کالعدم قرار

اسلام آباد(آئی پی ایس )اسلام آباد ہائیکورٹ نے این اے 128 لاہور کے بیلٹ پیپرز کی کانٹر فائل فراہم نہ کرنے کا الیکشن کمیشن کا حکم کالعدم قرار دے دیا۔چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس عامر فاروق نے لاہور کے حلقہ این اے 128کے بیلٹ پیپرز کی کانٹر فائل کی فراہمی سے متعلق درخواست کا تحریری فیصلہ جاری کردیا۔

عدالتی فیصلے میں لکھا گیا ہے کہ درخواست گزار نے بیلٹ پیپرز کی کاونٹر فائلز کے حصول کیلئے الیکشن کمیشن سے رجوع کیا، الیکشن کمیشن نے 26 اپریل کو کاونٹر فائلز فراہم کرنے کی درخواست مسترد کی، قانون کے مطابق درخواست گزار کانٹر فائلز کا جائزہ لے سکتا ہے، مصدقہ کاپیز بھی حاصل کر سکتا ہے۔عدالت نے قرار دیا کہ الیکشن کمیشن کا موقف بھی ٹھیک ہے کہ این اے 128 کا معاملہ ٹریبونل میں زیر سماعت ہے، الیکشن کمیشن کے مطابق الیکشن ٹریبونل کبھی بھی کاونٹر فائلز سمیت تمام ریکارڈ طلب کر سکتا ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے فیصلے میں لکھا کہ الیکشن کمیشن کے مطابق کاونٹر فائلز کی چھان پھٹک سے دستاویزات آگے پیچھے ہو سکتی ہیں، تاہم الیکشن کمیشن کاونٹر فائلز کی فراہمی کے حوالے سے ٹریبونل سے اجازت لے سکتا ہے، الیکشن کمیشن کانٹر فائلز کے جائزے کے حوالے سے مناسب قوائد و ضوابط بھی عائد کر سکتا ہے۔فیصلے میں مزید لکھا گیا کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے کیخلاف درخواست منظور کی جاتی ہے، الیکشن کمیشن کا 26 اپریل 2024 کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جاتا ہے، الیکشن کمیشن کاونٹر فائلز کی فراہمی سے متعلق قانون اور عدالتی فیصلے کی روشنی میں فیصلہ کرے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔