ہومبریکنگ نیوزمسلم لیگ( ن )کے سینیٹر کا اپنی ہی حکومت کے خلاف گول، کورم کی نشاندہی کانیا ریکارڈ ،اپوزیشن اور صحافیوں کے دلچسپ تبصرے

مسلم لیگ( ن )کے سینیٹر کا اپنی ہی حکومت کے خلاف گول، کورم کی نشاندہی کانیا ریکارڈ ،اپوزیشن اور صحافیوں کے دلچسپ تبصرے

اسلام آباد (سب نیوز )مسلم لیگ( ن) کے سینیٹر نے اپنی ہی حکومت کے خلاف کورم کی نشاندہی کرکے ایک نیا ریکارڈ قائم کردیا ۔ منگل کو سینیٹ کے اجلاس کے دوران حکومت کو اس وقت سبکی کا سامنا کرنا پڑ گیا جب پارٹی صدر محمد نوازشریف کے انتہائی قریب سمجھے جانے والے اور سینیٹ میں پارلیمانی پارٹی لیڈر سینیٹر عرفان صدیقی اجلاس کی صدارت کے لئے چئیرمین سینٹ کی کرسی پر آکر بیٹھے۔ عام طورپر سینیٹ کی کارروائی میں حصہ نہ لینے اور تقاریر سے بھی دور رہنے والے سینیٹر ناصر بٹ  اپنی نشست سے اٹھے اور کورم کی نشان دہی کردی۔ 

جس پر خود سینیٹر عرفان صدیقی ہی نہیں اپوزیشن کے ارکان بھی حیرت زدہ ہو گئے۔ الیکشن ایکٹ ترمیمی بل کی منظوری کے کچھ دیر بعد چئیرمین سینٹ سید یوسف رضا گیلانی نے سینیٹر عرفان صدیقی کو پیغام بھیجا کہ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان کی طبعیت ٹھیک نہیں، اس لیے وہ اجلاس کی صدرات کریں کیونکہ سنیٹر عرفان صدیقی کا نام اس اجلاس کے لیے پینل آف چئیرمین کے لیے پہلے نمبر پر تھا۔ سینیٹر عرفان صدیقی جب اجلاس کی صدرات کے لیے آئے تو پی ٹی آئی کے سینیٹر علی ظفر تقریر کر رہے تھے۔

انہوں نے بطور چیئرمین کرسی سنبھالنے پر سینیٹر عرفان صدیقی کو مبارکباد بھی دی جس پر سینیٹر عرفان صدیقی نے انھیں تقریر جاری رکھنے کا کہا۔ اسی دوران (ن )لیگ کے سینیٹر ناصر بٹ نے کورم پورا نہ ہونے کی نشاندہی کی ۔اپوزیشن نے اس پر احتجاج کیا لیکن سینیٹر عرفان صدیقی نے گنتی کرنے کا کہا ۔ا س وقت حال میں صرف 19 ارکان موجود تھے جس پر بطور چیئرمین سینیٹر عرفان صدیقی نے سینیٹ اجلاس بروز جمعہ صبح ساڑھے دس بجے تک ملتوی کر دیا۔

اپوزیشن ارکان ایک دوسرے کو کہتے رہے کہ سنیٹر ناصر بٹ نے مسلم لیگی ہوتے ہوئے سینیٹر عرفان صدیقی کے بطور چیئرمین آتے ہی کورم کی نشاندہی کیوں کی؟ کیا یہ مسلم لیگ ن کے اندر گروپ بندی کا نتیجہ تھا یا سینیٹر ناصر بٹ کی ناتجربہ کاری۔ کئی صحافیوں نے یہ برجستہ تبصرہ بھی کیاکہ ناصر بٹ نے اپنی ہی ٹیم کے خلاف گول کردیاہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔