پشاور (آئی پی ایس )خیبرپختونخوا حکومت کی گورننس سے متعلق شکایات پر بانی پی ٹی آئی نے تین رکنی کمیٹی قائم کردی ہے جو وزرا اور انتظامی سیکرٹریز کے حوالے سے الزامات کی تحقیقات کرے گی۔
تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا حکومت کی گورننس سے متعلق شکایات کے معاملے پر پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کے احکامات پر بدعنوانی اور گورننس سے متعلق 3 رکنی کمیٹی قائم کردی گئی، جو وزرا اور انتظامی سیکرٹریز کے حوالے سے الزامات کی تحقیقات کرے گی۔اس حوالے سے مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر محمدعلی سیف نے کہا کہ سابق وزیراعظم عمران خان کے احکامات پر بدعنوانی اور گورننس سے متعلق کمیٹی قائم کردی ہے، کمیٹی میں سابق گورنر شاہ فرمان، معاون خصوصی برائے انٹی کرپشن مصدق عباسی اور قاضی انور ایڈووکیٹ شامل ہیں۔
بیرسٹر سیف نے کہا کہ کمیٹی ارکان کو بانی پی ٹی آئی نے خود نامزد کیا ہے، کمیٹی صوبائی حکومت کی کارکردگی پر نظر رکھے گی اور تمام محکموں کی مانیٹرنگ بھی کرے گی، کمیٹی اپنی رپورٹ عمران خان کو پیش کرے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ کمیٹی وزرا اور انتظامی سیکرٹریز کے حوالے سے الزمات کی تحقیقات کرے گی، الزام ثابت ہونے پر متعلق وزیر یا انتظامی افسران کے خلاف کارروائی ہوگی۔
