Sunday, September 8, 2024
ہومبریکنگ نیوزبانی پی ٹی آئی جرات کا مظاہرہ کریں اور غلطیاں تسلیم کریں، عرفان صدیقی

بانی پی ٹی آئی جرات کا مظاہرہ کریں اور غلطیاں تسلیم کریں، عرفان صدیقی

اسلام آباد (آئی پی ایس )سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ الزام دوسروں کے سر تھوپنے کے بجائے بانی پی ٹی آئی مردانگی کا مظاہرہ کریں، آرمی چیف جنرل عاصم منیر کے حضور عرضیاں گزارنے والے عمران خان بہادر بنیں۔عرفان صدیقی نے بانی پی ٹی آئی کیلئے بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ اعصاب جواب دے گئے ہیں تو بانی پی ٹی آئی پورا سچ بھی اگل دیں، بانی پی ٹی آئی کہہ ڈالیں کہ ہاں پی ٹی آئی کو فوج سے میں نے لڑایا۔عرفان صدیقی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کہہ ڈالیں کہ جنرل عاصم منیر کی تقرری روکنے کے لئے پنڈی پر یلغار انہوں نے کی

، کہہ ڈالیں کہ کبھی خود کبھی بیگم پر قاتلانہ حملوں کے الزامات انہوں نے لگائے۔سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کہہ ڈالیں کہ 9 مئی کو عاصم منیر کا تختہ الٹنے کیلئے فوج میں بغاوت کی سازش انہوں نے کی، کہہ ڈالیں کہ دو سو سے زیادہ فوجی تنصیبات اور شہدا کی یادگاروں پر حملے انہوں نے ہی کرائے۔رہنما ن لیگ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کہہ ڈالیں کہ فضائیہ کے طیارے انہوں نے جلائے، بانی پی ٹی آئی کہہ ڈالیں کہ ہیلی کاپٹر حادثے کے شہدا کا مذاق انہوں نے اڑایا، کہہ ڈالیں کہ سوشل میڈیا سے عاصم منیر اور فوج کو گالیاں انہوں نے دلوائیں اور دلوا رہے ہیں۔عرفان صدیقی نے کہا کہ عمران خان کہہ ڈالیں کہ بیرون ملک اپنی فوج اور چیف کے خلاف بسوں پر اشتہاری مہم انہوں نے چلوائی،

کہہ ڈالیں کہ عاصم منیر کو اس عہد کا یحی خان باور کرانے والی وڈیو انہوں نے ہی بنوائی، بانی پی ٹی آئی کہہ ڈالیں جیل میں بیٹھ کر فوج اور چیف کیخلاف مضمون یہی لکھ رہے ہیں۔ عرفان صدیقی نے کہا کہ مان لو تم نے ہی یہ سب کچھ کیا عمران خان، آدمی کو صاحب کردار ہونا چاہیے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔