Friday, October 18, 2024
ہومUncategorizedقومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کی تمام وزارتوں میں ای آفس کی کارکردگی بہتر بنانے کی ہدایت

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کی تمام وزارتوں میں ای آفس کی کارکردگی بہتر بنانے کی ہدایت

اسلام آباد (سب نیوز )قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام نے این آئی ٹی بی بورڈ کو تمام وزارتوں میں ای آفس کی کارکردگی کو بہتر بنانے، بیپ ایپ کو 3 ماہ میں لانچ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے ٹیلی کمیونیکیشن ایپلٹ ٹربیونل بل 2024 منظور کر لیا۔امین الحق کی زیرِ صدارت قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام کا اجلاس پارلیمنٹ ہاس میں منعقد ہوا۔

چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ ٹیلی کمیونیکیشن ایپلٹ ٹربیونل اچھے مقاصد کے لیے بنایا جارہا ہے جب کہ وزارت لا اینڈ جسٹس حکام کی طرف سے ٹریبونلز کے چیئرمین، ممبرز کی تقرری اور عہدے سے ہٹائے جانے کے طریقہ کار پر کمیٹی کو بریفنگ دی گئی۔حکام نے بتایا کہ ٹریبونل کے قوانین تیار کر لیے گئے ہیں، سی ای او این آئی ٹی بی بورڈ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ای آفس کو 40 وزارتوں میں انسٹال کردیا ہے۔

ممبر کمیٹی مختار احمد نے کہا کہ ای آفس میں مسائل آرہے ہیں، اسے آسان بنائیں، وزارتوں میں این آئی ٹی بی بورڈ کے نمائندے بھیج کر ای آفس سے متعلق مسائل حل کریں۔کمیٹی ممبر مصطفی کمال نے کہا کہ ای آفس کو وفاق تک محدود نہ کریں، بلکہ صوبوں میں بھی اسے انسٹال کریں، ای افس، انٹرنیٹ سے عام آدمی کو فائدہ پہنچائیں۔چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ کئی سال پہلے ای آفس کا فیصلہ ہوا تھا، اب تک بدقسمتی سے ای آفس پر کارکردگی نظر نہیں آرہی ہے، ہمیں پیپر لیس ہونا چاہیے، آج بھی ہم پیپرز لے کر بیٹھے ہوئے ہیں۔ وزیر مملکت شزا فاطمہ نے کمیٹی ارکان کو ای آفس پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ این آئی ٹی بی ای آفس بنا سکتے ہیں، تمام وزارتیں ای آفس پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔