اسلام آباد(آئی پی ایس)الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے مخصوص نشستوں سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد کا فیصلہ کر لیا،،تاہم قانونی سقم کا جائزہ لیا جائے گا ۔
تفصیلات کے مطابق چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت مخصوص نشستیں تحریک انصاف کو دینے کے حوالے سے اہم مشاورتی اجلاس جاری ہے۔
سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد سے متعلق آج الیکشن کمیشن کا دوسرا اجلاس ہورہا ہے، گزشتہ روز اجلاس بے نتیجہ ختم ہوگیا تھا۔
اجلاس میں پی ٹی آئی کو مخصوص نشستیں دینے سے متعلق غور کیا جارہا ہے، الیکشن کمیشن کی قانونی ٹیم آج بھی بریفنگ دے رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن لا ونگ نے مخصوص نشستوں کا معاملہ تفصیلی فیصلے تک مؤخر کرنے تجویز دے دی۔
ذرائع لا ونگ کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کے مختصر فیصلے میں کچھ ابہام موجود ہیں، ابہام دور کرنے کے لیے ان چمبر رجوع یا تفصیلی فیصلے کا انتظار کیا جاسکتا ہے، سپریم کورٹ فیصلے پر حتمی فیصلے کی منظوری الیکشن کمیشن دے گا۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے پشاور ہائیکورٹ اور الیکشن کمیشن کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے مخصوص نشستیں پی ٹی آئی کو دینے کا حکم دیا تھا۔ سپریم کورٹ نے تحریکِ انصاف کو پارلیمنٹ اور صوبائی اسمبلیوں میں بطور جماعت بھی قرار دیا۔
دوسری جانب مخصوص نشستیں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو دینے کے معاملے پر مسلم لیگ ن نے نظرثانی درخواست بھی سپریم کورٹ میں دائر کی ہے۔
الیکشن کمیشن کا سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد کا فیصلہ،تاہم قانونی سقم کا جائزہ لیا جائے گا
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
