Sunday, September 8, 2024
ہومUncategorizedآج غزہ میں پھر کربلا کی تاریخ دہرائی جا رہی ہے، وزیراعلیٰ پنجاب

آج غزہ میں پھر کربلا کی تاریخ دہرائی جا رہی ہے، وزیراعلیٰ پنجاب

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ واقعہ کربلا اسلامی تاریخ کا گراں قدر اور تاریخ ساز باب ہے، آج غزہ میں پھر کربلا کی تاریخ دہرائی جار ہی ہے۔

یوم عاشور پر اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ اہل بیت سے محبت و تکریم ہر مسلمان کے ایمان کا حصہ ہے، حق حسین سے زندہ رہتا ہے اور باطل داغ ملامت لیکر مر جاتا ہے۔ حق و باطل کا معرکہ روز ازل سے برپا ہے مگر واقعہ کربلا سوز سے لکھا اور اشک بار آنکھوں سے پڑھا جاتا ہے۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ حق کے لیے جینے اور حق کے لیے ہی مرنے والے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہتے ہیں، حضرت امام حسینؓ نے ثابت کر دیا حق کی سربلندی کے لیے بڑی سے بڑی قربانی سے گریز نہ کرنا مردان حق کا شیوہ ہے۔ حضرت امام حسینؓ اور انکے ساتھی حق اور سچ کی راہ پر چلنے والوں کے لیے مینارہ نور ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ حضرت امام حسینؓ نے میدان کربلا میں جرات و شجاعت کی بے مثال تاریخ رقم کی، داستان کربلا رہتی دنیا تک مظلوم قوموں کو جرات و حوصلہ عطا کرتی رہے گی، یوم عاشور پر ہمیں حضرت امام حسینؓ کی روشن تعلیمات پر عمل پیرا ہونے کا اعادہ کرنا ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔