اسلام آباد(سب نیوز)چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کی خاص ہدایات پر ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد نے اسلام آباد میں ایمبولینس سروسز کو بہترین بنانے کے لئے پانچ مزید ایمبولینسز خرید لی جو لاہور سے براستہ موٹروےآج میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد کے کیئر 1122 ایمبولینس سروسز کی فلیٹ کا حصہ بن جائیں گی۔

تفصیلات کے مطابق ایمبولینسز تمام تر جدید پیشنٹ کیئر آلات سے لیس ہیں اور اسلام آباد کے شہریوں کی صحت عامہ سے منسلک ہر طرح کی ایمرجنسی سے نبرد آزما ہونے کے لئے تیار ہے۔
کیئر ایمبولینس سروسز جو اب کیپٹل ریسکیو سروسز کا حصہ ہے، اس میں فائر اور ریسکیو سمیت دیگر ایمرجنسی رسپانس یونٹ بھی شامل کئے گئےہیں جو جملہ حادثات سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتے ہیں ، اور روڈ ایکسیڈنٹ سے لے کر دیگر صحت سے متعلقہ تمام امور کو ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کی زیر نگرانی کنٹرول کیئے جاتے ہیں ۔
چیئرمین سی ڈی اے محمدعلی رندھاوا اور ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن رانا محمد وقاص انور نے حالیہ آگ کے جملہ واقعات کے بعد وزیر داخلہ کی ہدایات کی روشنی میں اسلام آباد ریسکیو سروسز کی بھی بنیاد رکھی ہے جو جلد عوام کو اپنی بہترین سروسز سے روشناس کروائے گی اور سال کے 365 دن رات ایک کال پر عوام الناس کو انکے دروازے پر ہر سروس مہیا کی جائے گی۔
