لندن(سب نیوز )قائد اعظم ٹرسٹ برطانیہ کے چیئرمین راجہ محمد اشتیاق کی قیادت میں 8رکنی وفد نے پاکستان ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل سے لندن ہائی کمیشن میں خصوصی ملاقات کی۔وفد میں اسد طاہر جپہ کمشنر ایف بی آر پاکستان ، بیرسٹر چوہدری شہزاد کریم، بیرسٹر چوہدری بنیامین، چوہدری صغیر احمد ڈائریکٹر آدم حلال فوڈ، راجہ محمد عادل ڈائریکٹر عادل کمپنی یوکے ، زیغم نواز ، راقم ربنواز چغتائی او شہزادہ حیات شامل تھے ۔
قائد اعظم ٹرسٹ برطانیہ کے چیئرمین راجہ محمد اشتیاق نے ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل سے مختلف پہلوئوں پر بات چیت کی اور انہیں برمنگھم میں بزنس سیمینار کیلئے دعوت دی جو برمنگھم میں عالمی سطح پر کروائی جائیگی جس کے مہمان خصوصی پاکستانی ہائی کمشنر ہوں گے ۔ وفد کے سربراہ راجہ محمد اشتیاق نے پاکستانی ہائی کمشنر سے ملک پاکستان کے لیے ہر سطح پر معاونت فراہم کرنے کے لیے اپنا بھر پور تعاون کا یقین دلایا ۔
قائد اعظم ٹرسٹ برطانیہ کے وفد نے بھی پاکستانی ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان اور برطانیہ کے مابین تعلقات پر اپنی رائے اور تجاویز بھی پیش کی جبکہ اسد طاہر جپہ کمشنر ایف بی آر نے اپنی تحریر کردہ کتاب پاکستانی ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل کو پیش کی ہے۔
