Tuesday, July 1, 2025
ہومپاکستانبجٹ کیلئے ڈالر کی قدر کے تعین پر آئی ایم ایف اور حکومت میں اختلاف

بجٹ کیلئے ڈالر کی قدر کے تعین پر آئی ایم ایف اور حکومت میں اختلاف

اسلام آباد(آئی پی ایس ) آئی ایم ایف اور پاکستان کے درمیان روپے اور ڈالر کی قدر کے تعین کے معاملے میں اختلاف پیدا ہوگیا۔آئی ایم ایف نے اگلے مالی سال کے بجٹ کیلئے ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر 16فیصد گراوٹ کے ساتھ 328 اعشاریہ4روپے مقرر کرنے کی تجویز دی تھی، لیکن پاکستان نے اس سے اختلاف کرتے ہوئے 3 اعشاریہ5فیصد گراوٹ کے ساتھ روپے کی قدر 295 روپے مقرر کی ہے۔

واضح رہے کہ ماضی میں اس حوالے سے آئی ایم ایف کے تخمینے غلط ثابت ہوچکے ہیں، آئی ایم ایف نے رواں ماہ جون کیلئے ڈالر کا ریٹ 300روپے ہونے کا اندازہ لگایا تھا، لیکن اس وقت ڈالر 278 اعشاریہ10روپے پر ٹریڈ کر رہا ہے۔وزارت منصوبہ بندی کا کہنا ہے کہ بیرونی قرضوں کی ادائیگیوں کی وجہ سے اگلے مالی سال کے دوران روپے پر دباو برقرار رہے گا، واضح رہے کہ حکومت کو اگلے مالی سال کے دوران 6 ارب ڈالر کے قرضوں کی ادائیگی کرنی ہے، حکومت کو ورلڈ بینک سے 2 اعشاریہ5 ارب ڈالر جبکہ ایشیائی ترقیاتی بینک سے 1 اعشاریہ6سے 1اعشاریہ8ارب ڈالر ملنے کی امید ہے۔

حکومت کا خیال ہے کہ ان قرضوں اور آئی ایم ایف پروگرام کی مدد سے حکومت روپے کی قدر کو قابو کرسکتی ہے، حکومت کیلیے دفاعی بجٹ، فارن ڈیبٹ سروسنگ، غیرممالک میں پاکستانی مشن چلانے کی لاگت اور پبلک سیکٹر ڈیولپمنٹ پروگرام کے اخراجات کیلیے حکومت کا جاری کردہ ریٹ بہت اہم ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔