اسلام آباد (آئی پی ایس )قائم مقام چیئرمین سینیٹ سے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے پارلیمنٹ ہاس میں ملاقات کی۔ملاقات میں بلوچستان کی سیاسی صورتحال سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا عہدہ سنبھالنے پر سیدال خان کو مبارک باد پیش کی۔
قائمقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے کہا کہ بلوچستان کی پسماندگی ختم کرنے کے لئے ترقیاتی منصوبوں ، روزگار کے مواقع پیدا کرینگے۔انہوں نے کہا کہ خواجہ آصف ایک سینیئر و زیرک سیاستدان ہیں ، ان کی سیاسی بصیرت سے استفادہ کا موقع ملے گا اور ان کے تجربے سے فائدہ اٹھائیں گے ۔ دونوں رہنماں نے موجودہ حکومت کی پورے ملک اور بالخصوص بلوچستان میں سرمایہ کاری بڑھانے کی پالیسی کو بھی سراہا۔قائمقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان وزیر دفاع سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت پورے ملک اور بالخصوص بلوچستان میں سرمایہ کاری بڑھانے ، امن و امان کے قیام میں خصوصی دلچسپی لے رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت سرمایہ کاروں کو ہر طرح کا تحفظ فراہم کرنے کے لئے کوشاں ہے۔وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے قائمقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے آپ ایوان کی کارروائی بطریق احسن چلائیں گے۔وزیر دفاع نے مزید کہا کہ پاکستان کی ترقی میں صوبہ بلوچستان کا کلیدی کردار ہے۔
سیدال خان بطور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ ملک اور بالخصوص بلوچستان کی ترقی کے لئے بہتر و معیاری قانون سازی میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔انہوں نے کہا کہ سیدال خان کا بلوچستان سے بطور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ منتخب ہونا صوبے اور وفاق میں رابطہ کاری کو بہتر بنانے میں معاون ثابت ہو گا۔ وزیر دفاع کا مزید کہنا تھا کہ سیدال خان صوبائی سطح پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں اور صوبے کی فلاح و بہبود کے کاموں میں انہوں نے ہمیشہ بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ہے۔انہوں نے کہا کہ سیدال خان کے لئے دعا گو ہوں اور نیک تمنائیں آن کے ساتھ ہیں۔ دریں اثنا رکن صوبائی اسمبلی حاجی محمد خان طور اتمان خیل نے بھی قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان سے ملاقات۔ انہوں نے قائم مقام چیئرمین سینیٹ کو صوبے کو درپیش مشکلات سے آگاہ بھی کیا۔
