ہومبریکنگ نیوزپاکستانی طلبہ کی معاونت: شہباز شریف کی امیر مقام کو فوری بشکیک جانے کی ہدایت

پاکستانی طلبہ کی معاونت: شہباز شریف کی امیر مقام کو فوری بشکیک جانے کی ہدایت

اسلام آباد(سب نیوز ) وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے کرغزستان میں پاکستانی طلبہ کے ریسکیو اور ان کو مدد و معاونت فراہم کرنے کیلئے انجینئر امیر مقام کو فوری بشکیک جانے کی ہدایت کر دی۔وفاقی وزیر برائے امورِ کشمیر، گلگت بلتستان و سرحدی علاقے، انجینئر امیر مقام آج بشکیک روانہ ہوں گے، امیر مقام بشکیک میں غیر ملکی طلبہ مخالف حالیہ فسادات کے تناظر میں اعلی سرکاری حکام سے ملاقات کریں گے۔

انجینئر امیر مقام پاکستانی طلبہ سے ملاقات کریں گے، ان کے مسائل سنیں گے اور یقینی بنائیں گے کہ حالیہ صورتحال میں پاکستانی طلبہ کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ کرغزستان میں غیر ملکی طلبہ مخالف فسادات پر گہری تشویش ہوئی، شہباز شریف نے زخمی پاکستانی طلبہ کو سفارتخانے کی جانب سے علاج معالجے کی بہترین سہولیات میں معاونت یقینی بنائی جائے۔

انہوں نے کہا کہ مشکل وقت میں پاکستان کے بیٹے اور بیٹیوں کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے، جو طلبہ پاکستان واپس آنا چاہیں، حکومتی اہلکار سرکاری خرچ پر ان کی فوری واپسی یقینی بنائیں۔وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ہدایت کی کہ طلبہ اور والدین کے مابین روابط کو مسلسل برقرار رکھنے کیلئے سفارتخانہ ہر قسم کی معاونت فراہم کرے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔