لاہور(آئی پی ایس )پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنماو سابق وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ اگرنوازشریف کی حکومت بن جاتی تواگلے دوسال میں ملک سیاسی ومعاشی بحران سے نکل جاتا۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے لیگی رہنما رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ نوازشریف نے مینارپاکستان جلسے میں کہا تھا سب کو سر جوڑ کر بیٹھنا ہوگا، مسلم لیگ(ن)کوسادہ اکثریت مل جاتی توملک کیلئے بہت بہتر ہوجاتا،قوم نے نوازشریف کوسادہ اکثریت نہ دے کرغلط کیا۔انہوں نے کہا کہ ہم نے الیکشن میں کسی امیدوارکے کاغذات نامزدگی نہیں چھینے تھے، اس معاملے کوبڑھا چڑھا کر پیش کیا گیا، 2017 اور 2018 میں ملک کیخلاف سازش ہوئی، اس سازش نے ملک کوسیاسی ومعاشی عدم استحکام کی طرف دھکیلا، مہنگائی کی وجہ سے لوگ ہم سے بڑے ناراض تھے۔
سابق وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن)ایک بڑی حقیقت ہے، بانی پی ٹی آئی اور اسٹیبلشمنٹ بھی ایک حقیقت ہے، تینوں حقیقتوں کے بیٹھے بغیر بات نہیں بنے گی، اگر معاشرے کی حقیقتیں دست وگریباں رہیں گی توپھرتباہی ہی آئیگی۔لیگی رہنما کا مزید کہنا تھا کہ گزشتہ دوسال سے کہہ رہا ہوں پی ٹی آئی ایک فتنہ ہے، یہ ملک کو کسی حادثے سے دو چار کردے گا، ملک کوبحرانوں سے نکالنے کے لیے سب کو سر جوڑ کر بیٹھنا ہوگا۔