Sunday, September 8, 2024
ہومبریکنگ نیوزتحریک انصاف کا سعودی عرب سے متعلق شیر افضل کے بیان سے اعلان لاتعلقی

تحریک انصاف کا سعودی عرب سے متعلق شیر افضل کے بیان سے اعلان لاتعلقی

اسلام آباد(سب نیوز ) پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی قیادت اور مرکزی ترجمان نے شیر افضل مروت صاحب کے رجیم چینج آپریشن میں سعودی عرب کے کردار کے حوالے سے ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں پیش کردہ خیالات کو حقائق سے یکسر منافی قرار دیکر ان سے مکمل لاتعلقی کا اظہار کر دیا۔

بیان میں کہا گیا کہ شیر افضل مروت صاحب کے خیالات پاکستان تحریک انصاف کی حکمتِ عملی یا مقف کی کسی طور پر بھی نہ تو غمازی کرتے ہیں نہ انہیں حقیقت پر مبنی بیان سمجھتے ہیں۔ یہ کلیتا ان کی ذاتی رائے تو ہوسکتی ہے جسے کسی سطح پر بھی پاکستان تحریک انصاف کی قیادت یا کارکنان کی تائید و توثیق حاصل نہیں۔

ترجمان نے کہا کہ سعودی عرب کا شمار پاکستان کے نہایت قریبی اور بااعتماد برادر اسلامی ممالک میں ہوتا ہے جس کی حکومت اور عوام سے پاکستان کے تعلقات کو بانی چیئرمین عمران خان، پاکستان تحریک انصاف کی قیادت اور کارکنان نہایت قدر و منزلت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان اور سعودی ولی عہد اور وزیراعظم عزت مآب جناب محمد بن سلمان کے مابین باہم احترام، اعتماد اور برادرانہ اخوت کا رشتہ قائم ہے جسے پاکستان تحریک انصاف کی قیادت اور کارکنان نہایت اہمیت کا حامل سمجھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین دہائیوں پر محیط برادرانہ تعلقات پاکستان اور سعودی عرب کے مشترکہ کثیرالجہتی مفادات کے امین اور لائقِ تحسین ہیں۔ ترجمان کے مطابق پاکستان تحریک انصاف ماضی اور حال کی طرح مستقبل میں بھی دونوں ممالک کے مابین قریبی اشتراک اور بھائی چارے کے فروغ کی خواہاں اور سعودی قیادت و عوام کی فلاح و ترقی کے حوالے سے نیک تمناں کے اظہار کے ساتھ اس ضمن میں بطور جماعت اپنا بھرپور کردار ادا کرتے رہنے کے عزم کا اعادہ کرتی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شیر افضل مروت کا کہنا تھا کہ عمران خان کی حکومت گرانے میں امریکا کے ساتھ ساتھ سعودی عرب بھی شامل تھا۔ یہ بیان اسے وقت میں سامنے آیا ہے کہ جب سعودی عرب کا اعلی سطح کا وفد پاکستان آیا ہوا تھا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔