اسلام آباد(سب نیوز )صدر مملکت آصف زرداری نے چین کے سفارت خانیکا دورہ کیا اور شانگلہ میں ہونے والے دہشت گرد حملے میں چینی شہریوں کی ہلاکت پر تعزیت کی۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ پاکستانی قوم چینی عوام کے غم میں برابر کی شریک ہے، بہیمانہ فعل میں ملوث مجرموں کو پکڑ کر انصاف کیکٹہرے میں لایا جائیگا، چینی شہریوں کی سکیورٹی کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔
صدر مملکت نے کہا کہ حملہ دونوں ممالک کے درمیان پائیدار دوستی اور مشترکہ اقدار پر حملہ ہے۔ چینی سفیر نے سفارت خانے کا دورہ کرنے پر صدر مملکت کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان میں چینی کارکنوں کو تحفظ فراہم کرنیکی ضرورت پر زور دیا۔
چینی سفیرکا کہنا تھا کہ دہشت گرد انسانیت کے دشمن ہیں، بے گناہ لوگوں کو نشانہ بنانے پر پکڑنیکی ضرورت ہے۔ان کا کہنا تھا کہ زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے پاکستانیوں نے دہشت گرد حملیکی مذمت کی، چینی کارکنوں نے پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔
چینی سفیر نے پاکستان کے ساتھ تعاون مزید مضبوط بنانے اور سی پیک سمیت دیگر منصوبوں کیلیے حمایت جاری رکھنے کے چینی عزم کا اعادہ کیا۔
