کراچی:نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا ہے کہ بہترین کامیابی کے موقع پر موجودگی میرے لیے باعث مسرت ہے، امید ہے آئندہ کامیاب کمپنیوں کی تعداد میں مزید اضافہ ہوگا، کاروباری شخصیات بیرونی منڈیوں کو اپنا ہدف بنائیں۔نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کراچی پہنچ گئے، جہاں انہوں نے پاکستان اسٹاک ایکس چینج کے تحت پاکستان کی بہترین 25 کمپنیوں کوایوارڈز دینے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بہترین کامیابی کے موقع پر موجودگی میرے لیے باعث مسرت ہے، امید ہے آئندہ کامیاب کمپنیوں کی تعداد میں مزید اضافہ ہوگا، پاکستان اسٹاک ایکس چینج کا 60 ہزار کا ہندسہ عبور کرنا تاریخی کامیابی ہے۔
نگراں وزیراعظم نے کہا کہ حکومت سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے اقدامات کررہی ہے، ہم نے اس کامیابی کے سلسلے کو جاری رکھنا ہے، نگراں حکومت نے اسملنگ کے خلاف اقدامات اٹھائے، نگراں حکومت نے بجلی چوروں کے خلاف کارروائیاں کیں۔انوارالحق کاکڑ نے مزید کہا کہ تاجربرادری معیشت کی بہتری کے لیے کردار ادا کرے، تاجربرادری کی کامیابی پر پوری قوم کو فخر ہے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ بڑی کمپنیوں کو فلاحی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیئے، کاروباری شخصیات بیرونی منڈیوں کو اپنا ہدف بنائیں، ٹیکس محصولات میں اضافہ ہوگا تو عوام کو سہولت ہوگی۔