Saturday, November 9, 2024
ہومٹاپ سٹوریسپریم کورٹ: ذوالفقار علی بھٹو کی پھانسی کے فیصلے کیخلاف صدارتی ریفرنس سماعت کیلئے مقرر

سپریم کورٹ: ذوالفقار علی بھٹو کی پھانسی کے فیصلے کیخلاف صدارتی ریفرنس سماعت کیلئے مقرر

اسلام آباد:سپریم کورٹ نے پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی اور سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کی پھانسی کے فیصلے کے خلاف صدارتی ریفرنس سماعت کے لیے مقرر کردیا۔سپریم کورٹ کا 9 رکنی لارجر بینچ صدارتی ریفرنس پر 12 دسمبر کو سماعت کریگا۔چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسی لارجر بینچ کی سربراہی کریں گے۔

لارجر بینچ میں جسٹس سردار طارق مسعود، جسٹس منصورعلی شاہ، جسٹس یحیی آفریدی، جسٹس امین الدین خان، جسٹس جمال خان مندوخیل، جسٹس محمد علی مظہر، جسٹس حسن علی رضوی اور جسٹس مسرت ہلالی لارجر بینچ کا حصہ ہیں۔یاد رہے کہ 2011 میں پیپلز پارٹی کی حکومت نے اس وقت کے صدر آصف علی زرداری کے ذریعے سپریم کورٹ میں ذوالفقار علی بھٹو کی پھانسی سے متعلق ریفرنس دائر کیا تھا۔

اس وقت سپریم کورٹ کے چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے اپنی سربراہی میں 11 رکنی لارجر بینچ تشکیل دیا تھا جس نے 3 جنوری 2012 سے 12 نومبر 2012 تک کیس کی 6 سماعتیں کیں لیکن کوئی فیصلہ نہ دیا۔ اب تقریبا 11 برس کے طویل عرصے بعد ریفرنس دوبارہ سماعت کے لیے مقرر کیا گیا ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔