Monday, February 2, 2026
ہومپاکستانپاکستان ریلویز کی اخراجات میں کمی کیلئے شمسی توانائی پر منتقل ہونیکی تیاری

پاکستان ریلویز کی اخراجات میں کمی کیلئے شمسی توانائی پر منتقل ہونیکی تیاری

اسلام آباد (سب نیوز)پاکستان ریلویز کو اخراجات کو کم کرنے اور دستیاب ٹیکنالوجی بروئے کار لانے کے لیے شمسی توانائی کے نظام پر منتقل کیا جارہاہے۔

پاکستان ریلویز نے آفیشل ایکس ہینڈل پر اعلان کیا ہے کہ وہ نجی شعبے کی مدد سے سولر پینل کی طرف بڑھ رہے ہیں اور اس معاملے میں جلد ہی تجاویز طلب کی جائیں گی۔حال ہی میں، پاکستان ریلویز نے مسافروں اور ٹرین ڈرائیوروں کی آسانی کے لیے دو ایپلی کیشنز ، ڈیجیٹل ریلوے ڈرائیونگ سسٹم اور آر اے بی ٹی اے ایپس بھی لانچ کیں ، جو جدید ترین ٹیکنالوجی اپنانے کا عزم ظاہر کرتی ہیں۔

شمسی توانائی پر منتقلی کے منصوبے کے تحت 40 ملین روپے کی لاگت سے 45 ریلوے اسٹیشنوں اور پشاور، راولپنڈی، لاہور، ملتان، سکھر اور کراچی ڈویژن کے دفاتر میں سولر پینل لگائے جائیں گے۔پہلے مرحلے میں پاکستان ریلویز نے پشاور میں 3، راولپنڈی ڈویژن میں 5 ، لاہور ڈویژن میں 20، ملتان ڈویژن میں 4، سکھر ڈویژن میں 5 ، کوئٹہ ڈویژن میں 3 اور کراچی ڈویژن میں 5 پوائنٹس کا انتخاب کیا ہے۔گزشتہ سال اس وقت کے وزیر اعظم شہباز شریف نے پاکستان ریلوے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے جامع حکمت عملی تیار کرنے کی ہدایت کی تھی جس کے تحت بین الاقوامی معیار کے سولر پینل لگائے جائیں گے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔