Sunday, December 14, 2025
ہومتازہ ترینغیرقانونی غیرملکیوں کے خلاف کارروائی، چینی، بنگالی اور بھارتی بھی ملک بدر

غیرقانونی غیرملکیوں کے خلاف کارروائی، چینی، بنگالی اور بھارتی بھی ملک بدر

کراچی :نگراں وزیر داخلہ سندھ حارث نواز نے کہا ہے کہ غیرقانونی غیرملکیوں کے خلاف کارروائی کے دوران 2 چائنیز، 24 بنگالی اور کچھ ہندوستانیوں کو بھی ملک بدر کیا گیا ہے۔

نگراں صوبائی وزیر داخلہ برگیڈیئر (ر) حارث نواز نے میڈیا کو بتایا ہے کہ ملک اور خاص طور پر کراچی میں غیرملکیوں کے خلاف کارروائی صرف افغانستان کے رہائشیوں کے خلاف نہیں بلکہ ان تمام غیرقانونی طور پر ملک میں رہنے والے غیر ملکیوں کے خلاف ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اب تک 2 چائنیز، 24 بنگالی اور ہندوستان کے ساتھ دیگر ممالک سے تعلق رکھنے والے غیرقانونی افراد کو ملک سے نکالا گیا ہے۔

دوسری جانب کراچی میں غیر قانونی مقیم تارکین وطن کے خلاف گرینڈ آپریشن کا سلسلہ جاری ہے، شہر سے مزید 83 تارکین وطن چمن بارڈر روانہ کردیے گئے۔ شہر قائد سے گرفتار کیے جانے والے غیر قانونی مقیم تراسی تارکین وطن کو سلطان آباد حاجی کیمپ سے 2 بسوں کے ذریعے چمن بارڈ روانہ کردیا گیا۔

سلطان آباد ہولڈنگ کیمپ سے روانہ کیے جانے والا یہ پانچواں قافلہ تھا، جس میں 19 مرد، 14 خواتین اور 50 بچے شامل ہیں، جنہیں سیکیورٹی حصار میں چمن بارڈر کے لیے روانہ کیا گیا۔کراچی ہولڈنگ کیمپ سے اب تک ملک بدر کیے جانے والے تارکین وطن کی مجموعی تعداد 544 تک جا پہنچی ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔