اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کے نام خط ،صدر مملکت نے نگران وزیر اعظم کو بنیادی حقوق اور ہموار سیاسی میدان کے حوالے سے پاکستان تحریک ِ انصاف کے خدشات پر غور کرنے کا کہا ۔صدر مملکت نے پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل عمر ایوب خان کی جانب سے صدر کو خط بھی نگران وزیر اعظم کو ارسال کیا ۔
صدر علوی کے خط کے متن کے مطابق نگران حکومت کا غیر جانبدار اکائی کے طور پر تمام سیاسی جماعتوں کو ہموار میدان فراہم کرنا بیحد اہم ہے۔آئندہ انتخابات میں تمام رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں کو مساوی حقوق اور مواقع فراہم کرنے کی نگران حکومت کی پالیسی پرآپ کے حالیہ بیانات باعثِ اطمینان ہیں۔پختہ یقین ہے کہ جمہوریت ہی پاکستان کے عوام اور ریاست کیلئے آگے بڑھنے کا مناسب راستہ ہے۔عوام کا سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لینا اور آزاد میڈیا کے ذریعے رائے کا اظہار کرنا ہی جمہوریت کی روح ہے۔آزادانہ ، منصفانہ اور مستند الیکشن پر پورے پاکستان میں اتفاق ہے۔
تمام سیاسی جماعتوں اور رہنماوں کو الیکشن میں حصہ لینے اور عوام کو انہیں منتخب کرنے کا حق ہے۔صدر مملکت ریاست کے سربراہ کے طور پر جمہوریہ کے اتحاد کی علامت ہیں۔آئین کے آرٹیکل 41 کے تحت صدر مملکت ، وزیر اعظم اور تمام اداروں سمیت شہریوں کے حقوق کا تحفظ کرنے کے پابند ہیں۔اسی وجہ سے پاکستان تحریک ِ انصاف کے الزامات پر مشتمل خط آپ کو ارسال کررہا ہوں۔ سیاسی وابستگیاں رکھنے والے افراد کی جبریوں گمشدگیوں کے بڑھتے ہوئے واقعات پر میڈیا میں بھی بحث ہوئی۔ لوگوں کی سیاسی وابستگیاں اور وفاداریاں بدل جانے پر ایسے واقعات تشویش کا باعث بنتے ہیں۔