اسلام آباد(اویس لطیف )پاکستان میں طویل عرصے بعد انٹر نیشنل فٹ بال کی واپسی مشکلات کا شکار ہو گئی ہے۔فٹ بال کی ایشن باڈی نے پی ایف ایف کی طرف سے ورلڈ کپ کوالیفائیر کیلئے منتخب کیے گئے دونوں وینیوز پر اعتراض کیا ہے۔ذرائع کے مطابق ایشین فٹ بال کنفیڈریشن کو جناح سٹیڈیم اسلام آباد اور پنجاب سٹیڈیم لاہور میں متعدد سہولیات کے حوالے سے اعتراضات کیے ہیں۔
فیفا ورلڈکپ کوالیفائر کے پاکستان میں ہونے والے ہوم میچ کے انعقاد پر سوالیہ نشان کھڑا ہوگیا۔ذرائع کے مطابق اے ایف سی میچ کمشنر اسلام آباد اور لاہور کے وینیوز سے مطمئن نہیں ہیں۔اے ایف سی کے نمائندے کیمیل توکابیو نے گزشتہ دنوں دونوں اسٹیڈیمز کا دورہ کیا تھا۔اس دوران لاہور کا پنجاب اسٹیڈیم میچ کی میزبانی کے لیے غیر موزوں قرار دے دیا گیا، اسٹیڈیم کے حوالے سے اے ایف سی آفیشل نے تحفظات کا اظہار کیا۔
ذرائع کے مطابق لاہور کے اسٹیڈیم میں فیفا اور اے ایف سے کے بنیادی معیار کی چیزیں بھی نہیں تھیں۔دوسری جانب اسلام آباد کے جناح اسٹیڈیم میں اے ایف سی نے بعض معاملات درست کرنے کو کہا ہے۔پاکستان اسپورٹس بورڈ نے اسلام آباد کا اسٹیڈیم 10 اکتوبر تک تیارکرنیکا کہا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اسٹیڈیمز کے حالات کی وجہ سے پاکستان فٹبال فیڈریشن شش و پنج کا شکار ہے۔ خیال رہیکہ پاکستان اور کمبوڈیا کے درمیان ورلڈکپ کوالیفائر کا ہوم میچ 17 اکتوبر کو شیڈولڈ ہے۔
