اسلام آباد: پاکستان میں تعینات تھائی لینڈ کے سفیر چاکریڈ کراچائیونگ نے کہا کہ ان کا ملک پاکستان کے ساتھ آزاد تجارت کے معاہدے کو حتمی شکل دینے کے لیے تیار ہے کیونکہ اس پر مذاکرات آخری مرحلے میں پہنچ چکے ہیں اور اب یہ پاکستان پر منحصر ہے کہ وہ اسے تیزی سے آگے بڑھائے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورہ کے موقع پر تاجر برادری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تھائی لینڈ کی ڈپٹی ہیڈ آف مشن اور اکنامک کونسلر محترمہ کامولوان سری پوسل اور تھائی کونسلر کھیماتھ آرچاواتھامرونگ بھی اس موقع پر ان کے ہمراہ تھے۔
چاکریڈ کراچائیونگ نے کہا کہ تھائی ایئر کراچی، لاہور اور اسلام آباد سے اپنی پروازیں دوبارہ شروع کر رہی ہے جس سے تجارت بہتر ہوگی، بہت سے پاکستانی سیاحت کیلئے تھائی لینڈ کا دورہ کرتے ہیں وہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت بڑھانے کے لیے بھی کردار ادا کریں۔
تھائی لینڈ کے سفیر نے کہا کہ تھائی لینڈ اور پاکستان فائدہ مند نتائج کے حصول کے لیے دو طرفہ سرمایہ کاری کو فروغ دینے پر توجہ دیں، پاکستان کی تاجر برادری آئندہ سال جنوری میں ہونے والے تھائی لینڈ انڈسٹریل نمائش میں اپنی مصنوعات کی نمائش کرے جس سے انہیں اپنے کاروبار کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ تھائی لینڈ کے بہت سے سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں لیکن وہ نہیں جانتے کہ کہاں اور کن شعبوں میں سرمایہ کاری کریں، دونوں ممالک سمندری خوراک، چاول، پھل، حلال فوڈ اور حلال کاسمیٹکس سمیت دیگر شعبوں میں ایک دوسرے کے ساتھ تجارت کو فروغ دے سکتے ہیں۔