لاہور،وزیراعظم عمران خان نے کہاہے کہ پاکستان کو ایک چھوٹی سی ایلیٹ کلاس نے اپنے قبضے میں لیا ہوا ہے، ہمارا انصاف کا نظام طاقتور کو نہیں پکڑسکتا۔جمعرات کولاہور پنجاب پیری اربن ہاوسنگ منصوبہ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہاکہ پوری دنیا میں کورونا کی وبا سے لوگ پریشان ہیں، ہمارے پڑوسی ملک بھارت میں کورونا کی وجہ سے لوگ سڑکوں پر مر رہے ہیں، ہم کورونا کی تشویشناک صورتحال سے گزر رہے ہیں، کورونا کے پہلے دو فیز میں اللہ نے بڑاکرم کیا، کورونا کے حوالے سے اگلے2 ہفتے ہمارے لئے بہت اہم ہیں، ہم نے کورونا کیسز کی شرح کو نیچے لے کر آنا ہے، سب کو تاکید کروں گا سب ماسک پہنیں۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کو ایک چھوٹی سی ایلیٹ کلاس نے اپنے قبضے میں لیا ہوا ہے، جیل میں صرف غریب لوگ جاتے ہیں جن کے پاس وکیل کیلئے پیسے نہیں، جب کہ ہمارا انصاف کا نظام طاقتور ڈاکو کو نہیں پکڑ سکتا، طاقتورکرپشن کا حساب کتاب دینے کوتیارنہیں، پی ڈی ایم یونین این آراو مانگنے لگی ہوئی ہے، ہم نے طاقتورکوقانون کے نیچے لاناہے۔عمران خان نے کہا کہ ماضی میں عام آدمی کی رہائش کے حوالے سے نہیں سوچا گیا، آدھا کراچی کچی آبادیوں پر مشتمل ہے جہاں غریب لوگ رہائش پذیر ہیں، پاکستان میں صرف صفراشاریہ دو فیصدلوگوں کوگھروں کیلئے قرضہ دیاجاتاہے، زراعت میں ابھی ہم نئی تکینکس نہیں لائے۔وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پہلے مرحلے میں ایک لاکھ سے زیادہ گھر بنائے جائیں گے، اس منصوبے کا دائرہ کار پنجاب کی دیگر تحصیلوں تک بڑھایا جا رہا ہے،اسکیم کے تحت گھروں کا رقبہ 3مرلے سے بڑھا کر ساڑھے3مرلے کر دیاگیا ہے۔انہوں نے کہا کہ صوبائی کابینہ منصوبے کے انفراسٹرکچر کیلئے 3ارب روپے کی منظوری دی چکی ہے۔
پاکستان کو ایک چھوٹی سی ایلیٹ کلاس نے اپنے قبضے میں لیا ہوا ہے، وزیراعظم
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
