ہومبریکنگ نیوزخواجہ آصف کا ٹیکس، بجلی اور گیس چوروں کو دہشتگرد ڈیکلیئر کرنے کا مطالبہ

خواجہ آصف کا ٹیکس، بجلی اور گیس چوروں کو دہشتگرد ڈیکلیئر کرنے کا مطالبہ

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما وسابق وزیر دفا ع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ملک مقروض اور دیوالیہ ہے، ٹیکس، بجلی اور گیس چوروں کو دہشت گرد ڈیکلیئر ہونا چاہیے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ (ایکس) سابقہ ٹوئٹر پر خواجہ آصف نے کہا کہ اس وقت تقریباً 2670 ارب روپے صرف ٹیکس کے مقدمے عدالتوں میں لٹکے ہوئے ہیں، ٹیکس، بجلی اور گیس کی چوری ہر سال کئی ہزار ارب روپے کی ہوتی ہے جس کا بوجھ عام آدمی اٹھاتا ہے۔
سابق وزیر دفاع نے کہا ہے کہ ملک مقروض اور دیوالیہ ہے، ہر قسم کے ریاستی وسائل کی چوری معاشی دہشت گردی کے زمرے میں آنی چاہیے، ٹیکس، بجلی اور گیس وغیرہ کے چوروں کو دہشت گرد ڈیکلیئر ہونا چاہیے اور یہ چور اس وقت مراعات یافتہ طبقے کا حصہ ہیں۔
مسلم لیگ (ن) کے رہنما نے کہا ہے کہ جو حکومتی ملازمین چوری کی معاونت کرتے ہیں وہ بھی معاشی دہشت گرد ہیں ان کو عام قوانین کی بجائے دہشت گردی کے قوانین کا سامنا کرنا چاہیے ورنہ معاشی تباہی خدانخواستہ ہمارا مقدر بن جائے گی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔