سیالکوٹ،سستے رمضان بازاروں میں ناقص اشیا کی فروخت اورخاتون اے سی کی تاخیر سے آمد پر معاون خصوصی پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اسسٹنٹ کمشنر سیالکوٹ سونیا صدف کو جھاڑ پلا دی۔
تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان سیالکوٹ آئیں تو انہوں نے سستے رمضان بازاروں کا خصوصی طور پر دورہ کیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر سونیا صدف تاخیر سے وہاں پہنچیں جس پر ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے ناقص اشیا کی فروخت کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے اے سی سیالکوٹ پر پھٹ پڑیں اور کہا کہ یہ آپ کی اور سٹاف کی ڈیوٹی ہے کہ وہ چیزوں کی کوالٹی چیک کریں، سستے رمضان بازاروں میں جتنا تھرڈ کلاس پھل فروخت کیلئے رکھا گیا ہے، اسے فوری طور پر یہاں سے اٹھوایا جائے، سستے رمضان بازار حکومت نے لگوائے ہیں، اسے لیٹروں لوگوں کے ہاتھوں میں نہیں دیا جا سکتا، گورنمنٹ یہاں پر بھی جوابدہ ہے۔فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ آپ وزٹ پر آئی ہیں اور ہم آپ کو کبھی کہاں سے برآمد کر رہے ہیں اور کبھی کہاں سے جس پر اسسٹنٹ کمشنر سیالکوٹ نے اپنا موقف دینے کی کوشش کی اور کہا کہ ہمارے بندے ہر وقت یہاں موجود رہتے ہیں اور شدید رش ہونے کہ وجہ سے تاخیر ہوئی جس پر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ رش سب کیلئے ہے ، آپ کوئی آسمان سے اتری ہوئی ہیں ،آپ کو جان زیادہ عزیز ہے ،سب کی جان ایک جیسی ہے ، آپ کی حرکتیں اے سی والی نہیں ہیں ، جس بے غیرت نے آپ کو لگایا ہے اس سے پوچھتے ہیں ، وی آئی پی ہو تو ڈرائنگ روم میں بیٹھو جا کر ،آپ تنخواہ کس چیز کی لیتی ہیں؟ میں اس چیز کی تنخواہ نہیں لیتی، یہ آپ کا فرض ہے کہ یہاں دیکھیں کہ کیا کچھ غلط ہو رہا ہے۔ڈاکٹر فردوس اعوان نے کہا کہ افسر شاہی کی کارستانیاں حکومت بھگت رہی ہے۔ آپ اسسٹنٹ کمشنر ہیں تو عوام کو فیس کریں، چھپ کیوں رہی ہیں۔ اس موقع پر اے سی سونیا صدف غصے سے پنڈال سے باہر نکل گئیں۔
