Monday, March 2, 2026
ہومپاکستانبشیر میمن کے یوٹرن بتاتے ہیں کہ ان کے پیچھے کون سے ہاتھ ہیں، علی نواز اعوان

بشیر میمن کے یوٹرن بتاتے ہیں کہ ان کے پیچھے کون سے ہاتھ ہیں، علی نواز اعوان

اسلام آباد،وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے امور سی ڈی اے علی نواز اعوان نے کہا ہے کہ سابق ڈی جی ایف آئی اے بشیر میمن کے یوٹرن بتاتے ہیں کہ ان کے پیچھے کون سے ہاتھ ہیں، کراچی الیکشن نے ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے نام نہاد بھائی چارے کی قلعی کھول دی، پی ڈی ایم قصہ پارینہ بن چکی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو اپنے ایک بیان میں کیا۔

علی نواز اعوان نے کہا کہ ایف آئی اے کے سابق سربراہ بشیر میمن کی کہہ مکرنیاں بتاتی ہیں کہ ان کے ضمیر جاگنے کے دعوے دروغ گوئی پر مبنی ہیں اور وزیراعظم پاکستان عمران خان کے خلاف ان کی مذموم مہم کا مقصد بظاہر کچھ اور تھا، انہوں نے کہا کہ بشیر میمن جتنی تیزی سے یوٹرن لے رہے ہیں مجھے تو ان کی دماغی صحت پر بھی شک ہے، پاکستان تحریک انصاف کی حکومت آزاد اداروں کا تصور لے کر اقتدار میں آئی ہے اور اسی لیے ہم سے عوام کی توقعات بھی زیادہ ہیں، کراچی کے حلقے این اے 249 کے الیکشن کے بعد کی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے علی نواز اعوان نے کہا کہ اس الیکشن نے مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے نام نہاد بھائی چارے کی قلعی کھول دی ہے دونوں پارٹیاں محض ایک سیٹ کے لیے دوبارہ 90 کی دہائی کی سیاست پر آگئی ہیں جبکہ مولانا فضل الرحمن کی جے یو آئی دونوں جماعتوں کے درمیان لگائی بجھائی کا کام کر رہی ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ پی ڈی ایم قصہ پارینہ بن چکی ہے، پی ڈی ایم اس لیے ناکام ہوئی کیونکہ اس میں شامل تمام جماعتوں کا اپنا اپنا مفاد تھا تحریکیں ذاتی نہیں نظریاتی مفادات کے لیے چلائی جاتی ہیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔