اسلام آ باد، ایس پی صدر زون حمزہ ہمایوں کی ہدایت پر تھانہ رمنا پولیس اور ہومی سائیڈ یونٹ کی کارروائی، جی الیون فور میں عامر شہزاد نامی لڑکے کے قتل کا ڈراپ سین، مقتول کا قاتل اس کی بیوی کا پراناعاشق نکلا، پولیس نے ملزم محمد عاصم کو جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے گرفتار کرکے آلہ قتل پسٹل 30 بور بھی برآمد کرلیا۔
اتوار کو ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق 21اپریل کو نامعلوم ملزمان نے جی الیون فور نزد اتوار بازار عامر شہزاد نامی شخص کو فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا ،مقتول کی بیوی نے ڈکیتی کا ڈرامہ رچایا تھا،تھانہ رمنا پولیس نے ظہور احمد کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی تھی ۔گرفتار ملزم نے قتل کا اعتراف کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ شادی سے قبل مقتول کی بیوی کے ساتھ ناجائز تعلقات تھے ،لڑکی کی شادی اس کی مرضی کے بغیر مقتول عامر شہزاد سے کردی گئی تھی جس کا دونوں کا رنج تھا،شادی کے بعد وہ لڑکی سے مسلسل رابطے میں تھا اور وقوعہ کی رات لڑکی واک کے بہانے مقتول کو سڑک پر لے آئی ،ملزم نے گھر سے پسٹل لیا اور جائے وقوعہ پر جاکر مقتول کو فائرنگ کرکے قتل کردیا۔کارروائی ڈی ایس پی شالیمار خالد محمود اعوان کی زیر نگرانی ہومی سائیڈ یونٹ کے انسپکٹر فیاض شنواری، سب انسپکٹر آصف خان، معہ جوانوں پر مشتمل پولیس ٹیم نے کی ،ملزمہ اریبہ زاہد ابھی تک روپوش ہے، پولیس ٹیم گرفتاری کیلئے چھاپے ماررہی ہے ،جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔ڈی آئی جی آپریشنز اور ایس ایس آپریشنز نے ہو می سائیڈ یو نٹ کی پولیس ٹیم کی کا رکردگی کوسراہتے ہو ئے انعامات دینے کا اعلان کیا ہے ۔
