کائنات کی پُراسرار تاریکیوں کی حقیقت سے پردہ اٹھانے کیلئے یورپ نے اپنا خلائی ٹیلی اسکوپ ”یوکلیڈ“ روانہ کردیا ہے۔
یوکلیڈ ٹیلی اسکوپ اسپیس ایکس کے فیلکن نائن راکٹ کے ذریعے کیپ کارنیول اسپیس فورس اسٹیشن سے امریکی وقت کے مطابق 11 بجکر 12 منٹ پر روانہ ہوا اور خلا سے اس کا پہلا سگنل 11 بجکر 57 منٹ پر موصول ہوا۔
یہ ٹیلی اسکوپ مدار میں پہنچنے کے بعد دو ماہ تک اپنے آلات کو ٹیسٹ کرے گا، جن میں ایک عام روشنی میں کام کرنے والا کیمرہ اور ایک قریبی انفرا ریڈ کیمرہ (اسپیکٹو میٹر) شامل ہیں۔
اس دوربین کا مقصد کائنات کے دو بڑے معموں ڈارک انرجی (تاریکی توانائی) اور ڈارک میٹر (تاریک مادے) کا مشاہدہ کرنا ہے۔
ڈارک میٹر کی اگرچہ کبھی بھی نشاندہی نہیں ہوپائی، لیکن سائنسی کمیونٹی کو یقین ہے کہ یہ کائنات کے مجموعی مادے کا تقریباً 85 فیصد ہے۔
