Tuesday, July 1, 2025
ہومبریکنگ نیوزموٹروے ایم 6 میگا کرپشن کیس، اہم ملزم ڈرامائی انداز میں گرفتار

موٹروے ایم 6 میگا کرپشن کیس، اہم ملزم ڈرامائی انداز میں گرفتار

حیدرآباد: قومی احتساب بیورو نے ایم 6 میگا کرپشن کیس میں اہم ملزم اسلم پیرزادہ کو ڈرامائی انداز میں گرفتارکرلیا۔
حیدرآباد، سکھر موٹر وے ایم 6 میں دو ارب 37کروڑ سے زائد میگا کرپشن کیس میں نامزد ملزم محمد اسلم پیرزادہ نے گرفتاری سے بچنے کے لیے سندھ ہائی کورٹ حیدرآباد سرکٹ سے عبوری ضمانت قبل از گرفتاری حاصل کررکھی تھی۔
گزشتہ روز سندھ ہائی کورٹ حیدرآباد نے نیب کے اسپیشل پراسیکیوٹر کی جانب سے فراہم کیے جانے والے شواہد کی روشنی میں نیب کی استدعا منظور کرتے ہوئے محمد اسلم پیرزادہ کی عبوری ضمانت قبل ازگرفتاری منسوخ اور اس متعلق دائر ضمانت قبل ازگرفتاری کی درخواست مسترد کر دی۔
عدالتی فیصلے سے قبل ہی ملزم محمداسلم پیرزادہ کمرہ عدالت سے باہرآگئے اور بار روم میں جاکر بیٹھ گئے جبکہ نیب ٹیم انہیں گرفتارکرنے کے لیے بار روم کے باہر موجود رہی اور نیب اہلکار ان پرنگاہ رکھنے کے لیے بار روم کو بار بارچیک کرتے رہے۔
کئی گھنٹوں بعد وکلاء نے ملزم کو بار روم سے باہر نکال دیا کہ آپ کی وجہ سے یہ تاثرجارہا ہے کہ وکلاء آپ کو بچارہے ہیں جس پر وہ بار روم سے باہرکھڑے ہوگئے تواس پر بھی وکلاء نے اعتراض کرتے ہوئے انھیں وہاں سے جانے کیلیے کہا جبکہ اس موقع پر ایک وکیل نے ملزم کو تھپڑ بھی مارا، اس معاملے پرملزم اسلم پیرزادہ کے ہمراہ موجود افراد اور وکلاء کے درمیان ہاتھا پائی ہوتے ہوتے رہ گئی۔
واضح رہے کہ حیدرآباد تاسکھر موٹروے کی تعمیر کیلیے زمین کی خریداری میں مٹیاری اور نوشہروفیروز اضلاع میں 2 ارب 37 کروڑ سے زائد کرپشن سے متعلق نیب ریفرنس احتساب عدالت حیدرآباد میں زیر سماعت ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔