راولپنڈی: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے تربت کے علاقے ہوشاب روڈ پر انٹیلی جینس کی بنیاد پر آپریشن کر کے 3 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا۔
ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ سکیورٹی فورسز کے پہنچتے ہی دہشتگردوں نے فائرنگ کر دی، فائرنگ کے تبادلے کے دوران 3 دہشت گرد مارے گئے، دوران آپریشن بڑی تعداد میں گولہ بارود اور اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔ آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ فورسز قوم کی حمایت سے بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی ہر کوشش کو ناکام بنانے کیلئے پرعزم ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے کی متواتر نگرانی، جاسوسی کے باعث دہشتگردوں کے ٹھکانے کی نشاندہی کی گئی، سکیورٹی فورسز کو بذریعہ ہیلی کاپٹر دہشتگردوں کی آماجگاہ تک پہنچایا گیا جبکہ دہشتگردوں کے فرار کے تمام راستوں کی مکمل ناکہ بندی کی گئی تھی۔
