اسلام آباد:ایگزیکٹیو کمیٹی آف نیشنل اکنامک کونسل نے ایک ہزار دو سو چھتیس ارب روپے لاگت کے دیامر بھاشا پاورجنریشن فیسلیٹی منصوبے کی منظوری دے دی ایکنک کی انتظامی کمیٹی کا اجلاس وزیرخزانہ اسحاق ڈار کی زیرصدارت منعقدہوا۔جس میں وفاقی وزیر سیدنویدقمر، معاون خصوصی طارق محمود پاشا، وفاقی سیکرٹریز ودیگرسینئر افسران اور صوبائی محکموں کے نمائندوں نے شرکت کی ۔اس کے علاوہ بلوچستان کے وزیر منصوبہ بندی نور محمد دمڑ،پنجاب کے وزیر صنعت احسن تنویر،اورخیبرپختونخوا کے وزیر اعلی کے مشیرحمایت اللہ خان نے زوم کے ذریعہ اجلاس میں شرکت کی۔
اجلاس میں ایکنک نے این 55 پرراجن پور ڈیرہ غازی خان سیکشن کو 4 لین ہائی وے بنانے کیلئے اراضی مالکان کو ادائیگیوں اور ڈیرہ غازی خان ڈیرہ اسماعیل خان روڈ کو دو رویہ کرنے کیلئے 11ارب 37 کروڑ 73 لاکھ 28 ہزار روپے فنڈز کی منظوری دیدی، یہ منصوبہ ملکی وسائل سے مکمل کیا جائیگا۔
ایکنک نے ایم 8 موٹروے سے ایران کی سرحد تک 115 کلومیٹرز طویل تربت مند روڈ کی تعمیر کیلئے 19 ارب 57 کروڑ 10 لاکھ 92 ہزار روپے کے فنڈز کی منظوری دیدی گئی۔اجلاس میں 27 ارب 63 کروڑ 87 لاکھ 51 ہزار روپے کی مالیت سے پنجگور گھاچک آواران روڈ تعمیر کرنے کے منصوبے کی منظوری دی گئی۔
ایکنک اجلاس میں دیامر بھاشا ڈیم پراجیکٹ کے تحت بجلی کی پیداواری سہولیات کے منصوبہ کیلئے 1236.10 ارب روپے کی منظوری دی گئی، جس میں 5 کھرب 98 ارب 19 کروڑ روپے کی غیرملکی معاونت شامل ہے۔ اجلاس میں ڈیجیٹل اکانومی انہاسمنٹ پراجیکٹ کیلئے 17 ارب 47 کروڑ 7 لاکھ روپے کی منظوری بھی دی گئی۔ قومی اقتصادی کونسل کے اجلاس میں پلاننگ کمیشن کی جانب سے ایس ڈی جیز اچیومنٹ پروگرام کیلئے سٹئیرنگ کمیٹی کے 31 ویں اجلاس کے ایجنڈا سے متعلق سمری پیش کی ، ایکنک نے بحث کے بعد جاری طریقہ ہائے کار کو جاری رکھنے کی اجازت دے دی۔
