Monday, February 2, 2026
ہوماسلام آبادمعاشرے میں مثبت تبدیلی لانے میں میڈیا کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔ یو ایس ایڈ مشن ڈائریکٹر

معاشرے میں مثبت تبدیلی لانے میں میڈیا کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔ یو ایس ایڈ مشن ڈائریکٹر

اسلام آباد:امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی کے تعاون سے ٹیلی کاسٹ کیے گئے پراجیکٹ کی شاندار کامیابی پر پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ یو ایس اے آئی ڈی اور ایک نجی نشریاتی ادارے کے درمیان باہمی تعاون سے نشر کیے گئے سیریل سر راہ میں صنفی مساوات اور پاکستان میں خواتین کو بااختیار بنانے جیسے ترقیاتی اقدامات کے مثالی اہداف کو بہت خوبصورتی کے ساتھ پیش کیا گیا۔پاکستان میں یو ایس اے آئی ڈی کے مشن ڈائریکٹر ریڈ ایشلیمین کا اس موقع پر کہنا تھا کہ میڈیا کسی بھی معاشرتی تبدیلی کیلئے موثر اور کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تمام معاشروں میں تصورات اور خیالات کو فروغ اور نئی جہت دینے میں میڈیا انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ میڈیا تعلیم، رہنمائی، سوج بوجھ اور ادراک سمیت مختلف شعبوں میں عوام کی خدمات میں پیش پیش ہے۔اختتامی تقریب میں بات کرتے ہوئے سیریل کی ایگزیکٹو پروڈیوسر شہلا رضوان نے بتایا کہ اس کہانی کے بیشتر کردار حقیقی زندگی سے ماخوذ ہیں، اس ڈرامے کے ذریعے ایسے گمنام ہیروز کو سامنے لایا گیا جنہوں نے یو ایس ایڈ کے تعاون سے نہ صرف اپنی زندگیوں کو بہتر بنایا بلکہ معاشرے پر مثبت اثرات مرتب کیے۔

اس ڈرامے کا مرکزی خیال یو ایس ایڈ آٹ ریچ اینڈ کمیونیکیشن ہیڈ شہلا رضوان کا تخلیق کردہ ہے۔ ڈرامہ سیریل کا مقصد تفریح کے ساتھ رویوں میں مثبت تبدیلی لانے کے پیغامات مربوط اور بااثر انداز میں عوام تک پہنچانا تھا۔ صنفی مساوات اور پاکستان میں خواتین کو بااختیار بنانے جیسے موضوعات کو اس ڈرامے میں مختلف ذیلی کہانیوں سے اجاگر کیا گیا ہر کہانی خواتین کو با اختیار بنانے کیلئے اس جدوجہد کے گرد گھومتی ہے جو خواتین اور مردوں کو سماجی چیلنجز کا سامنا کرنے کے دوران کرنا پڑتی ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔