Monday, February 2, 2026
ہومبریکنگ نیوزاسپیکر کے پی اسمبلی نے گورنر کیخلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کر دی

اسپیکر کے پی اسمبلی نے گورنر کیخلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کر دی

اسلام آباد: سپریم کورٹ کے حکم کے باوجود کے پی میں انتخابات کی تاریخ نا دینے پر اسپیکر کے پی اسمبلی مشتاق غنی نے گورنر غلام علی کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کر دی۔درخواست میں گورنر کے پی غلام علی اور الیکشن کمیشن کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست موقف دیا گیا کہ سپریم کورٹ نے گورنر کے پی کو صوبے میں انتخابات کی تاریخ دینے کا حکم دیا لیکن گورنر کے پی نے الیکشن کمیشن کے متعدد خطوط کے جواب میں بھی انتخابات کی تاریخ نہیں دی لہذا سپریم کورٹ اپنے یکم مارچ کے فیصلے پر عملدرآمد کا حکم دے اور گورنر کے پی کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی فوری شروع کرے۔

درخواستگزار مشتاق غنی نے کہا ہے کہ گورنر نے اعلی آئینی عہدیدار ہونے کے باوجود سپریم کورٹ کے حکم اور آئین کی خلاف ورزی کی، گورنر کے پی کے خلاف سنگین غداری کی کارروائی شروع کرنے کا بھی اختیار رکھتے ہیں جبکہ گورنر کے پی کو آئین کی خلاف ورزی پر فوری عہدے سے ہٹا دینا چاہیے۔

اسپیکر کے پی کی جانب سے استدعا کی گئی کہ سپریم کورٹ گورنر کے تاریخ نا دینے کی صورت میں صدر مملکت کو انتخابات کی تاریخ دینے کا حکم دے۔

گورنر کے پی کے خلاف توہین عدالت کی درخواست ایڈوکیٹ شمائل بٹ کی وساطت سے دائر کی گئی ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔