راولپنڈی:نوید مشتاق عباسی راولپنڈی ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن کے بلا مقابلہ صدر منتخب ہوگئے ۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے نوٹیفکیشن کے مطابق ڈپٹی الیکشن کمشنر(پی سی بی )چوہدری عاصم رشید کی زیر نگرانی انتخابی عمل مکمل کیاگیا۔ جس کے مطابق نوید عباسی صدر ،سجاد احمد سیکرٹری اور فلک شیر خزانچی منتخب ہوئے ۔تفصیلات کے مطابق نوید عباسی نے صدر،سجاد احمد نے سیکرٹری اور فلک شیر نے خزانچی کے کاغذات جمع کروائے تھے جبکہ ان کے مقابلے میں عدنان عباسی نے صدر، قیصر ستی نے سیکرٹری اور ذوالفقار علی نے خزانچی کے کاغذات جمع کروائے تھے تاہم مقررہ وقت سے قبل یہ تینوں امید وار نوید عباسی،سجاد احمد اور فلک شیر کے حق میں دستبردار ہو گئے ۔
اس طرح نوید عباسی بلا مقابلہ صدر، سجاد احمد سیکرٹری اور فلک شیر خزانچی منتخب ہوگئے ۔جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن پی سی بی نے جاری کر دیاہے۔ نوید عباسی کے انتخاب پر راولپنڈی کے کرکٹ کے حلقوں نے انہیں مبارکباد دی ہے ۔جنجوعہ گروپ کے تبارک حسین،راجہ اشفاق ،بلال ادریس ،ساجد شاہ،کپتان غلام مصطفی ،تیمور کیانی،عاشق حسین ،شاہد عقیل،راجہ اصغر ،خواجہ حمیدالدین ،عظیم اللہ ،راشد لطیف اور دیگر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ نوید عباسی کا انتخاب راولپنڈی میں کرکٹ جمہوریت کی بحالی ہے
،امید ہے نوید عباسی اپنی زمہ داریاں احسن طریقے سے پوری کریں گے ۔علاوہ ازیں گوجر خان ،ٹیکسلا اور واہ کے کرکٹ کے عہدیداران نے نوید عباسی کو مبارکباد پیش کی ہے ۔نوید عباسی نے اس موقع پر تمام دوستوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ جو زمہ داریاں مجھے دی گئی ہیں انہیں بھرپور محنت سے پورا کروں گا،راولپنڈی میں کرکٹ کے فروغ کے لیے تمام وسائل اور کوششیں بروئے کار لائیں گے ۔
