Sunday, September 8, 2024
ہومپاکستانوزیراعظم کے کپڑے سلامت ہیں لیکن قوم بے لباس ہوگئی، سراج الحق

وزیراعظم کے کپڑے سلامت ہیں لیکن قوم بے لباس ہوگئی، سراج الحق

کوئٹہ (سب نیوز )امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کے کپڑے سلامت ہیں لیکن قوم بے لباس ہوگئی ہے۔

کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ سابقہ دور حکومت میں پیپلز پارٹی نے مہنگائی مارچ جب کہ مولانا فضل الرحمان اور دیگر جماعتوں نے احتجاج کیا، آج حکومت میں آنے کے بعد یہ جماعتیں خاموش ہیں۔امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ مہنگائی کے خلاف جماعت اسلامی نے ملک گیر احتجاج کیا، مغرب میں کرسمس پر اشیا ضروریہ سستی ہو جاتی ہیں، رمضان المبارک قریب ہے، لہذا چیزوں کی قیمتیں کم ہونی چاہئیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم نے کہا تھا دل کرتا ہے کپڑے بیچ دوں، البتہ وزیراعظم کے کپڑے سلامت ہیں لیکن قوم بے لباس ہوگئی ہے، حکمرانوں کی عیش وعشرت میں کوئی کمی نہ آئی، نا اہل حکمرانوں نے پاکستان کو بستر مرگ تک پہنچا دیا، انہوں نے پاکستانیوں سے من و سلوہ کے وعدے کئے لیکن عوام نان شبینہ کے بھی محتاج ہیں، حکومت کے اعداد و شمار کے مطابق ملک میں مہنگائی کی شرح 45 فیصد سے بڑھ گئی۔امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ پاکستان کا موجودہ نظام اور حکمران ناکام ہو گئے، معیشت تباہ، امن و امان کا نظام بہتر نہیں، حکومت سے پہلے پی ڈی ایم میں شامل پیپلز پارٹی اور جمعیت مہنگائی کے خلاف سراپا احتجاج تھے، حکومت میں آنے کے بعد بلاول بھٹو اور مولانا فضل الرحمن خاموش ہو گئے۔سراج الحق نے مزید کہا کہ وزیر اعظم کہتے ہیں آئی ایم ایف ناک پر لکیر کھینچنے کو کہتے ہیں، معیشت تباہ لیکن ملک کے حکمرانوں کی شاہ خرچیاں عروج پر ہیں، اگر پاکستان غریب ملک ہے تو گورنر ہاوسز کو ختم کر دینا چائیے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔