Monday, December 23, 2024
ہومپاکستانن لیگ کے سابق وزیر اور ایم این اے سمیت 3 رہنماؤں پر مقدمہ

ن لیگ کے سابق وزیر اور ایم این اے سمیت 3 رہنماؤں پر مقدمہ

لاہور(آئی پی ایس )مسلم لیگ ن کے سابق صوبائی وزیر جیل خانہ جات ملک احمد یار ہنجرا، سابق ممبر قومی اسمبلی سلطان محمود ہنجرا اور سابق چئیرمین ڈسٹرکٹ کونسل محمد ملک افضل ہنجرا پر اینٹی کرپشن میں پرچہ درج کرلیا گیا۔اینٹی کرپشن حکام نے بتایا کہ بااثر ملزمان لاشاری والا جنگل پر قبضہ کرکے سرکاری خزانے کو پچیس سال تک سالانہ پانچ کروڑ روپے کا نقصان پہنچاتے رہے، ملزمان کے ساتھ ملی بھگت کرنے والے محکمہ مال ، ایرگیشن اور وائڈ لائف کے عملہ اور افسران پر بھی پرچہ درج کرلیا گیا ۔اینٹی کرپشن حکام کے مطابق تمام ملزمان کے خلاف ڈی سی مظفر گڑھ امجد شعیب ترین نے ریفرنس ڈی جی اینٹی کرپشن کو بھجوایا تھا اور تمام مفادکنندگان کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی سفارش کی تھی۔ ملزمان پچیس سال سے لاشاری والا جنگل پر قابض تھے۔لاشاری والا جنگل ہیڈ تونسہ بیراج تحصیل کوٹ ادو میں 3750 ایکڑ پر مشتمل ہے۔ ملزمان نے متعلقہ پٹواریوں اور دیگر محکموں کے عملے کی ملی بھگت سے پانچ کروڑ کا نقصان سرکاری خزانے کو پہنچایا ۔لاشاری والاجنگل میں قیمتی جنگلی پرندے، جانور مویشی، درخت، لکڑی، سرکنڈہ اور کاشت شدہ فصلوں سے فائدہ اٹھاتے رہے۔ جوڈیشل فلڈ انکوائری ٹربیونل کی 2010 کی رپورٹ نے بھی ملزموں کو غیر قانونی قابضین ظاہر کیا تھا۔ لاشاری والا جنگل کو واگزار کروا لیا گیا ہے جس میں عوام کے لئے سفاری پارک بنایا جائے گا۔اینٹی کرپشن حکام نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کی قبضہ مافیا کے بارے میں واضح ہدایات ہیں اور ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔