Wednesday, June 26, 2024
ہومبریکنگ نیوزوزیراعلی مریم کے 100 روز، سروے میں 55 فیصد شہری صوبائی حکومت کی کارکردگی سے مطمئن

وزیراعلی مریم کے 100 روز، سروے میں 55 فیصد شہری صوبائی حکومت کی کارکردگی سے مطمئن

اسلام آباد (سب نیوز )مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز کو بطور وزیراعلی پنجاب عہدہ سنبھالے 100 روز ہوچکے ہیں اور وہ پنجاب کی پہلی خاتون وزیراعلی ہیں۔عوامی آرا جاننے والے ادارے انسٹیٹیوٹ فار پبلک اوپینین ریسرچ (آئی پی او آر) نے مریم نواز کی 100 روز کی کارکردگی پر سروے کروایا ہے۔

سروے میں صوبہ پنجاب سے تعلق رکھنے والے 18 سال سے زائد عمرکے 2010 لوگوں سے رابطہ کیا گیا جن میں 65 فیصد مرد اور 35 فیصد خواتین شامل تھیں، سروے میں شامل افراد کی اکثریت یعنی 60 فیصد تعداد دیہی آبادی جبکہ 40 فیصد شہری آبادی پر مشتمل تھی۔سروے میں شامل 55 فیصد شہریوں نے حکومت کی 3 ماہ کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔

سروے میں 35 فیصد افراد صوبائی حکومت کی کارکردگی سے غیر مطمئن تھے، حکومتی کارکردگی پر عدم اعتماد کرنے والوں کی شرح شہروں کے مقابلے میں دیہی علاقوں میں زیادہ رہی اوران افراد کی 51 فیصد تعداد کو حکومتی کارکردگی میں بہتری کی کوئی امید نہیں۔

حکومتی کارکردگی سے متعلق سوال پر 10 فیصد نے کوئی جواب نہیں دیا۔وزیراعلی پنجاب مریم نواز کی مقبولیت میں بھی اضافہ ہوا ہے اور سروے میں مریم نواز کی مقبولیت کے سوال پر 60 فیصد نے کہا کہ 3 ماہ میں ان کی مقبولیت بڑھی ہے۔ 37 فیصد نے اس سوال کا ناں میں جواب دیا۔ سروے میں 53 فیصد افراد نے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی کیلئے حکومتی اقدامات کو مثر قرار دیا جبکہ 34 فیصد نے غیر مثر اور 13 فیصد نے کوئی رائے نہیں دی۔44 فیصد نے پنجاب حکومت کے روٹی کی قیمت میں کمی کے فیصلے کو سراہا جبکہ 11، 11 فیصد نے موبائل کلینک اور سولر پروگرام کی تعریف کی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔