Sunday, May 19, 2024
ہومپاکستانجسٹس اشتیاق ابراہیم نے بطور چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ حلف اٹھا لیا

جسٹس اشتیاق ابراہیم نے بطور چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ حلف اٹھا لیا

پشاور(مانیٹرنگ ڈیسک)جسٹس اشتیاق ابراہیم نے بطور چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور بھی حلف برداری تقریب میں شریک ہوئے۔

تفصیلات کے مطابق حلف برداری کی تقریب گورنر ہاؤس پشاور میں منعقد ہوئی، گورنر کے پی حاجی غلام علی نے جسٹس اشتیاق ابراہیم سے چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ کا حلف لیا۔

تقریب میں سیکرٹری قانون نے جسٹس اشتیاق ابراہیم کی بطور چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ تقرری کا صدارتی اعلامیہ پڑھ کر سنایا۔

حلف اٹھانے کے بعد گورنر حاجی غلام علی نے چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ جسٹس اشتیاق ابراہیم کو نئی ذمہ داریوں پر مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

تقریب حلف برداری میں سپریم کورٹ کی جج جسٹس مسرت ہلالی، پشاور ہائیکورٹ کے ججز، وکلاء، چیف سیکرٹری ندیم اسلم چوہدری، انسپکٹر جنرل پولیس اختر حیات خان، سیکرٹری محکمہ ایڈمنسٹریشن سمیت مختلف محکموں کے انتظامی سربراہان نے شرکت کی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔