Monday, July 1, 2024
ہومبریکنگ نیوزحماد اظہر کی گرفتاری کیلئے پی ٹی آئی سیکریٹریٹ پر پولیس کا چھاپہ، اقوام متحدہ کا وفد بھی محصور

حماد اظہر کی گرفتاری کیلئے پی ٹی آئی سیکریٹریٹ پر پولیس کا چھاپہ، اقوام متحدہ کا وفد بھی محصور

اسلام آباد (سب نیوز )پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری اطلاعات رف حسن پر حملے کے بعد روپوش پی ٹی آئی رہنما حماد اظہر بھی منظر عام پرآگئے، ٹی وی پر حماد اظہر کی موجودگی کی خبر سنتے ہی وفاقی پولیس نے پی ٹی آئی سیکریٹریٹ پر چھاپہ مارا، جہاں اقوام متحدہ کا وفد بھی محصور ہوکر رہ گیا۔پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما حماد اظہر اپنی روپوشی ختم کرتے ہوئے اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے مرکزی سیکریٹریٹ پہنچ گئے۔

تفصیلات کے مطابق حماد اظہر گزشتہ سال 9 مئی کے بعد سے روپوش تھے اور اب تقریبا ایک سال بعد منظرعام پر آئے ہیں۔اس موقع پر حماد اظہر نے کہا کہ کل مجھے بانی پی ٹی آئی عمران خان کا پیغام موصول ہوا کہ اب آپ کے باہر آنے کا وقت ہوگیا ہے اور یہاں سے پشاور جاکر قبل ازگرفتاری ضمانت لے کرعدالت پیش ہوں گا۔

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ اس سے پہلے مجھے کہا گیا تھا کہ تم پر تشدد ہو گا اس لیے روپوش ہو جا لیکن اب روپوشی ختم کردی ہے۔حماد اظہر کا مزید کہنا تھا کہ مراد سعید سمیت اب پارٹی کے تمام روپوش رہنما باہر آئیں گے۔تحریک انصاف کے رہنما نے کہا کہ میں ر ئو ف حسن سے ملنے کے لیے آیا، ان پر حملے کی مذمت کرتے ہیں اور ہم کسی صورت نہیں جھکیں گے۔حماد اظہر کا کہنا تھا کہ میں یہاں سے پہلے عبوری ضمانت کے لیے پشاور ہائیکورٹ اور پھر پنجاب کی عدالتوں میں جا ئوں گا اور اس کے بعد معاملہ اللہ پر چھوڑ دوں گا۔

جب حماد اظہر سے سوال کیا گیا کہ کیا ان کے ساتھ سیکیورٹی گارڈ یا پروٹوکول تھا تو انہوں نے اس کا نفی میں جواب دیا۔دوسری جانب روپوش پی ٹی آئی رہنما رہنما حماد اظہر کے منظر عام پر آتے ہی اسلام آباد پولیس حرکت میں آگئی۔ٹی وی پر حماد اظہر کی موجودگی کی خبر سنتے ہی وفاقی پولیس بھی حرکت میں آگئی اور ان کی گرفتاری کے لیے پی ٹی آئی سیکریٹریٹ پہنچ گئی ۔پولیس اہلکار حماد اظہر کو گرفتار کرنے پی ٹی آئی سیکرٹریٹ پہنچی تو حماد اظہر پولیس اہلکاروں کے پہنچنے سے قبل ہی پشاور روانہ ہوگئے تھے۔

وفاقی پولیس اہلکاروں کی جانب سے سیکرٹریٹ اسٹاف سے پوچھ کچھ کی گئی، ایس پی سٹی خان زیب اور ایس ایچ او کراچی کمپنی محمد نعیم کی سربراہی میں ٹیمیں پی ٹی آئی سیکرٹریٹ پہنچی تھی۔

اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری اطلاعات سے اسلام آباد کے مرکزی دفتر میں حماد اظہر اور اقوام متحدہ کے 5 رکنی وفد نے ملاقات کی۔اقوام متحدہ کے وفد پی ٹی آئی سنٹرل سیکریٹریٹ آفس پہنچا، 5 رکنی وفد نے رف حسن اور پی ٹی آئی قیادت سے ملاقات کی۔ذرائع کے مطابق اقوام متحدہ کے وفد نے پی ٹی آئی کے سیکریٹری اطلاعات رف حسن کی خیریت معلوم کی۔ یو این وفد میں 3 لوگ نیویارک اور 2 اسلام آباد آفس سے ہیں۔ملاقات چئیرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر سیکریٹری جنرل عمر ایوب، خالد خورشید اور دیگر رہنما شریک تھے۔

واضح رہے کہ سانحہ 9 مئی کے بعد حماد اظہر کے خلاف بھی دہشت گردی اور مختلف الزامات کے تحت مقدمات درج کیے گئے ہیں اور وہ کافی عرصے سے روپوش تھے۔پی ٹی آئی کی بڑی فتح، روپوشی کے باوجود حماد اظہر کے کاغذات نامزدگی منظور وہ 8 فروری 2024 کو ہونے والے عام انتخابات میں لاہور کے حلقہ این اے۔129 سے امیدوار تھے لیکن بعد میں الیکشن سے دستبردار ہوگئے تھے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔