Wednesday, June 26, 2024
ہومدنیاچین کی امریکہ کی جانب سے سوشل میڈیا کے ذریعے غلط معلومات پھیلانے کی سختی سے مخالفت

چین کی امریکہ کی جانب سے سوشل میڈیا کے ذریعے غلط معلومات پھیلانے کی سختی سے مخالفت

بیجنگ :
چینی وزارت خارجہ کے ترجمان لین جیئن سے یومیہ پریس کانفرنس میں پوچھا گیا کہ امریکی محکمہ دفاع نے وبائی صورتحال کے دوران چین کے خلاف ایک خفیہ آن لائن پروپیگنڈا مہم شروع کی، جعلی اکاؤنٹس کے ذریعے چینی ویکسین کی حفاظت اور تاثیر کو بدنام کیا ۔

اس کارروائِی میں شامل ایک سینئر امریکی فوجی عہدیدار کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ “ہم شراکت دار ممالک کے ساتھ ویکسین اشتراک کا کام اچھا نہیں کر رہے تھے ، لہذا ہم صرف ایک چیز کر سکتے تھے کہ چین کی ویکسین کو بدنام کیا جائے۔

اس حوالے سے ترجمان لین جیئن نے کہا کہ حقائق نے بار بار ثابت کیا ہے کہ امریکہ نے ہمیشہ غلط معلومات پھیلانے، رائے عامہ کے ماحول میں زہر گھولنے اور دوسرے ممالک کی ساکھ کو خراب کرنے کے لیے سوشل میڈیا میں ہیرا پھیری سے ایسا کیا ہے۔ چین اس کی سختی سے مخالفت کرتا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ سادہ الفاظ میں کہا جائے تو اگر امریکہ کسی ملک کو روکنا اور اسے دبانا چاہتا ہے تو وہ سچائی کو نظر انداز کر کے آپ کو بدنام کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کرے گا۔ اس کی عکاسی نہ صرف چینی ویکسین کے بارے میں غلط معلومات پھیلانے کی مہم سے ہوتی ہے بلکہ مقبول بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کو بدنام کرنے اور چین کی نئی توانائی گاڑیوں کی حد سے زیادہ صلاحیت کے بارے میں افواہیں پھیلانے سے بھی ہوتی ہے۔ ہم امید کرتے ہیں کہ امریکہ اپنی ذہنیت کو درست کرے گا، ایک بڑے ملک کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریاں نبھائے گا اور دوسرے ممالک کے خلاف غلط معلومات پھیلانا بند کرے گا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔