گلگت(آئی پی ایس)چیف سیکریٹری گلگت بلتستان محی احمد وانی نے کہا ہے کہ ہمارے پہلے اقدامات میں سے ایک گلگت بلتستان کے سرکاری اسکولوں میں آئی ٹی سمر بوٹ کیمپس کا آغاز تھا۔کیمپ کی اختتامی تقریب کے دوران یہ گلگت بلتستان میں میرے سب سے زیادہ خوشی کے لمحات میں سے ایک تھا کیونکہ میں چھٹویں ساتویں اور آٹھویں جماعت کے بچوں کی طرف سے کمپیوٹر میں بنائے گئے خوبصورت کھیلوں کو دیکھ کر میں اپنی خوشی کے لمحات پر قابو نہیں پاسکا۔
ان کا کہنا تھا کہ میں نے تو اسلام آباد کے پرائیویٹ سکولوں میں بھی ایسی مہارت نہیں دیکھی، سرکاری سکولوں کو تو چھوڑ دیں۔ ایک طالبہ جس نے یہ گیم بنائی تھی وہ سیلاب سے تباہ شدہ گاؤں بوبر سے تھی لیکن پھر بھی انرجی اور جزبے سے سرشار دکھائی دے رہی تھی۔
چیف سیکریٹری گلگت بلتستان کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ذریعے گلگت بلتستان کے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کا یہ تربیتی پروگرام کل کے ماہر کوڈرز اور فری لانسرز کی ترقی کی بنیاد رکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ گلگت میں ٹیک بوٹ کیمپ حکومت گلگت بلتستان کا ایک انقلابی اقدام ہے جس میں گلگت بلتستان بھر کے سرکاری سکولوں کے طلباء کو بلاک پروگرامنگ کے شعبے میں تربیت دی جا رہی ہے۔ اس سے طلباء کو کمپیوٹر پروگرامنگ کا بنیادی علم حاصل کرنے میں مدد ملے گی جس سے انہیں اپنی ICT صلاحیتوں کو مزید دریافت کرنے میں مدد ملے گی۔
واضح رہے کہ وزیر اعلی گلگت بلتستان کی ہدایت پر چیف سیکریٹری گلگت بلتستان نے گلگت بلتستان کے سرکاری سکولوں میں پہلا آئی ٹی سمر بوٹ کیمپ کا آغاز کیا تھا جو کہ پاکستان میں سرکاری اسکولوں کے لیئے قائم اپنی نوعیت کا پہلا پروگرام ہے۔
یاد رہے کہ کمپیوٹر ٹیکنالوجی کی دنیا کا یہ پراجیکٹ گلگت بلتستان بلکہ ملکی سطح پر بھی اپنی نوعیت کا ایک منفرد پروگرام کی حیثیت رکھتا ہے۔حکومت گلگت بلتستان کی جانب سے کم عمر بچوں کے لیئے مرتب شدہ پہلے ٹیک بوٹ کیمپ کے زریعے خطے کے مستقبل کے معمار مستفید ہونگے اور ٹیکنالوجی کی دنیا میں اپنا ایک مقام حاصل کریں گے۔
