اسلام آباد ،پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سینیٹر مصطفی نواز کھوکھرنے کہا ہے کہ حکومتی آرڈیننس سپریم کورٹ کی رائے پر اثرانداز ہونے کی واضح کوشش ہے، معزز سپریم کورٹ اور فاضل جج صاحبان کی رائے ابھی آئی نہیں لیکن آرڈیننس کا اجراء کر دیا گیا ہے۔
اپنے ایک بیان میں سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر نے کہا کہ حکومتی اقدام سے اس تاثر کو تقویت ملے گی کہ عدلیہ اپنے فیصلوں میں آزاد نہیں ہے۔ بار کونسلز اور وکلاء تنظیموں کو اس معاملے پر واضح موقف اختیار کرنا چاہیے۔ سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر نے کہا کہ عمران خان نے اپنے دور حکومت میں ہر قومی ادارے کو متنازعہ بنایا ہے۔ سیاسی فائدے کے لئے اداروں کی ساکھ کو مجروح کرنا کسی بھی صورت میں ملکی مفاد میں نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سپریم کورٹ کا کندھا استعمال کرکے اپنے اندر کی بغاوت کو دبانا چاہتی ہے۔