جرمنی میں فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کا اجلاس جاری ہے ، پاکستان کے معاملے پر بحث کا آغاز بدھ کو ہوگا ، پاکستان کے ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نکلنے کے امکانات روشن ہوگئے۔
وزیرمملکت برائے امورخارجہ حنا ربانی کھرکی زیرقیادت پاکستانی وفد جرمنی روانہ ہوگیا ہے، وفد میں وزارت خارجہ ، خزانہ اور دیگرمتعلقہ سینئر حکام شامل ہیں۔ دفتر خارجہ کے ترجمان کی جانب سے منگل کو جاری بیان کے مطابق اجلاس میں 2018 اور 2021 کے ایف اے ٹی ایف ایکشن پلان کے تحت پاکستان کی پیشرفت پر غور کیا جائے گا۔
اجلاس ایف اے ٹی ایف کے انٹرنیشنل کوآپریشن ریویو گروپ (آئی سی آر جی)کی سفارشات کا جائزہ لے گا۔ وزیر مملکت حنا ربانی کھر پاکستان کی قومی ایف اے ٹی ایف رابطہ کمیٹی کی سربراہ بھی ہیں، وہ ایف اے ٹی ایف کے نئے اور سبکدوش ہونے والے صدور کے علاوہ ایگزیکٹو سیکرٹری اور رکن ممالک کے وفود کے سربراہان سے بھی ملاقاتیں کریں گی جس میں وہ انہیں ایف اے ٹی ایف کے دونوں ایکشن پلانز کی تکمیل کے لیے پاکستان کی جانب سے کی گئی شاندار پیش رفت سے آگاہ کریں گی۔
وزیر مملکت پاکستان کی اینٹی منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی مالی معاونت کے انسداد کے نظام کو مزید مضبوط بنانے کے لئے حکومت کے اعلی سطح کے سیاسی عزم کو اجاگر کریں گی۔وزیر مملکت کی دورہ کے دوران پاکستان جرمنی دوطرفہ تعلقات کے تناظر میں جرمنی کے حکام سے ملاقاتیں بھی ہوں گی۔ وزیر مملکت برائے امور خارجہ کے ساتھ ایک اعلی سطح کا وفد بھی ہے۔جرمنی 13 سے 17 جون تک برلن میں ایف اے ٹی ایف کے اجلاس کی میزبانی کر رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان نے ایف اے ٹی ایف کے 34 نکات پر مکمل عملدرآمد کرلیا ہے اور پاکستان نے کامیابی کیلئے سفارتی کوششیں تیز کردی ہیں۔
پاکستان کے ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نکلنے کے امکانات روشن
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
