پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے سمندر پار پاکستانی زلفی بخاری کا کہنا ہے کہ ہم میں اتنی صلاحیت ہے کہ پورا ملک بند کر سکتے ہیں
۔برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ قومی اور بین الاقوامی حیثیت کا لیڈر سمجھوتا تو کر لیتا ہے مگر اپنے مقصد سے پیچھے نہیں ہٹتا، عمران خان کو نظر آیا کہ پاکستانی پاکستانیوں کے ساتھ، فوج اور پولیس کے ساتھ لڑ جائیں گے، عمران خان کو نظر آیا بھائی بھائی کو مارے گا، جانیں جائیں گی، فائدہ شریفوں اور زرداری کو ہو گا، نظر آنے والے نقصان کو دیکھتے ہوئے عمران خان نے 6 دن بعد کا ٹائم دیا ہے۔ سابق مشیر نے کہا کہ انتخابات کی تاریخ نہیں دی گئی تو تحریک انصاف پورے ملک میں لاک ڈان کرے گی، میرا نہیں خیال کہ ہمیں ہر چیز میں اسٹیبلشمنٹ کو ملوث کرنا چاہیے، اسٹبشلمنٹ نے کل بڑا نیوٹرل کردار ادا کیا، فوج صرف آرٹیکل 245 کے تحت سرکاری اور پبلک پراپرٹی کی حفاظت کے لیے بلائی گئی تھی۔عمران خان کے سابق مشیر کا کہنا تھا کہ حکومت اپنی ضد کے باعث پورا ملک تباہ کر دے گی جبکہ عمران خان کی کوئی انا یا ضد نہیں بلکہ ان کے سامنے ایک مقصد ہے، اگر 6 دن میں بنا کسی جانی و مالی نقصان کے یہ مقصد پورا ہو جائے تو یہ بہت بڑا اقدام ہو گا۔ پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا اس دفعہ ہم لاہور، کراچی اور اسلام آباد کا لاک ڈان کریں گے، ہم ان شہروں کا لاک ڈان کریں گے جن پر ملکی معیشت کا انحصار ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جب معیشت نہیں چل سکے گی تو تب ہی حکومتی اتحاد کو صحیح معنوں میں سنائی دے گا، ضروری نہیں کہ ہر بندہ اسلام آباد پہنچے، ہم میں قابلیت ہے کہ ہم پورے کراچی، لاہور اور اسلام آباد کو لاک ڈان کر سکتے ہیں۔زلفی بخاری کا کہنا تھا ہمارا مقصد یہ دکھانا تھا کہ ہم جب چاہیں جہاں چاہیں پہنچ سکتے ہیں اور پورا ملک بند کر سکتے ہیں اور یہ سب دکھانے میں ہم کامیاب رہے ہیں۔حکومت کے ساتھ مذاکرات کے حوالے سے زلفی بخاری کا کہنا تھا حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان رابطوں کے بارے میں مجھے کوئی معلومات نہیں ہیں، لیکن میرا خیال ہے کہ حکومت یقینا تحریک انصاف کو پیغامات بھیج رہی ہو گی۔
