لاہور(نیوز ڈیسک )امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ پاکستان میں مزید سودی نظام برداشت نہیں کرینگے۔سراج الحق نے اپنے بیان میں کہا کہ نااہل پارٹیوں کی سیاسی مثلث کی وجہ سے عالمی مالیاتی ادارے ملک پر مسلط ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گورنر اسٹیٹ بینک کی تبدیلی ناکافی، آئی ایم ایف سے ظالمانہ معاہدے ختم کرنے ہونگے، تینوں بڑی نام نہاد سیاسی جماعتیں ایک ہی چھتری کے نیچے پروان چڑھی ہیں۔امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ عوام کو چاہیے کہ حکمران اشرافیہ کو مسترد کر کے جماعت اسلامی پر اعتماد کا اظہار کرے، عوام پیپلز پارٹی، ن لیگ کو بار بار دیکھ چکی ہے، پی ٹی آئی نے بھی مسائل میں مزید اضافہ کیا، آزمائے ہوئے ناکام لوگوں کو دوبارہ موقع دینا بے وقوفی ہو گی۔
سراج الحق نے کہا کہ حکومت انتخابی ریفارمز کے بعد جلد از جلد الیکشن کے انعقاد کا بندوبست کرے، ملک کو موجودہ سیاسی بحرانوں سے نکالنے کا راستہ الیکشن ہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں مزید سودی نظام برداشت نہیں کرینگے، جماعت اسلامی پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست بنانا چاہتی ہے۔
