Thursday, September 11, 2025
ہومپاکستانوفاقی وزیراطلاعات کا پاکستان میڈیا ڈویلپمینٹ اتھارٹی کو ختم کرنیکا اعلان

وفاقی وزیراطلاعات کا پاکستان میڈیا ڈویلپمینٹ اتھارٹی کو ختم کرنیکا اعلان

وفاقی وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے پاکستان میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی ختم کرنیکا اعلان کردیا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ سابقہ دور میں پی ایم ڈی ایکا کالا قانون لانیکی کوشش کی جا رہی تھی، ہم نے اسے ختم کر دیا ہے، پیمرا کے ہوتے ہوئے کسی میڈیا اتھارٹی کی ضرورت نہیں ہے۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ پاکستان میں آزادی اظہار رائے ہر شخص کا بنیادی حق ہے، جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے ساتھ مل کر میڈیا سے متعلق مسائل حل کریں گے، فیک نیوز پر بھی اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ بات کریں گے، میڈیا سے متعلقہ اہم مسائل کو مل بیٹھ کر حل کریں گے۔

وفاقی وزیراطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ پیکا 2016 کو تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر نظرثانی کرنیکا فیصلہ کیا ہے، سابقہ دور میں پیکا قانون کا غلط استعمال کرتے ہوئے صحافی محسن بیگ کو گرفتار کیا گیا، ان پر تشدد کیا گیا، اس قانون میں جو بھی بہتری لائی جائے گی، اس پر ہم مل بیٹھ کر بات کریں گے۔

حامد میر اور اسد طور پر فائرنگ

ان کا کہنا تھا کہ صحافیوں کو ہراساں کرنے کی کسی کو اجازت نہیں، پچھلے چار سال میڈیا نے سینسر شپ اور اظہار رائے کی آزادی کی جہدوجہد کی، سینیئر صحافیوں ابصار عالم، مطیع اللہ جان، حامد میر اور اسد طور پر فائرنگ کے واقعات ہوئے،کئی صحافیوں کے ٹی وی چینلز پر پروگرام بند کرائے گئے، ایسے تمام صحافیوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتی ہوں، معاشرے کے اندر اظہار رائے کی آزادی رہے گی تو حکومت کو تقویت ملے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ رائٹ ٹو انفارمیشن ایکٹ ہمارے پچھلے دور میں منظور ہوا تھا، اس پر کمیشن قائم کریں گے تاکہ وہ اپنا کام شروع کر سکے، تنقید دل سے قبول کریں گے، جس وقت نواز شریف وزیراعظم تھے، اس وقت پاناما لیکس کے حوالے سے ٹاک شوز ہوئے تھے، پیمرا نے ایک بھی نوٹس جاری نہیں کیا تھا، دس سال شہباز شریف وزیراعلی پنجاب رہے، میڈیا پر کوئی قدغن نہیں لگائی گئی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔