ہومپاکستانپاکستانی طلبہ کے لیے ترکیہ میں اعلیٰ تعلیم کے دروازے کھل گئے، 33 جامعات ایک چھت تلے جمع ہوں گی

پاکستانی طلبہ کے لیے ترکیہ میں اعلیٰ تعلیم کے دروازے کھل گئے، 33 جامعات ایک چھت تلے جمع ہوں گی

اسلام آباد: ترکیہ کی 33 جامعات کے نمائندگان ترک یونیورسٹی فیئر 2026 میں شرکت کے لیے پاکستان آئیں گے۔ تعلیمی نمائش 5 دسمبر کو اسلام آباد جبکہ 7 دسمبر کو لاہور میں منعقد ہوگی۔

اس تعلیمی نمائش کا مشترکہ اہتمام استنبول ایجوکیشن سروسز (آئی ای ایس پی ایل) اور معارف ایجنسی کر رہے ہیں، جبکہ جمہوریہ ترکیہ کی وزارت تجارت اس کی معاونت کر رہی ہے۔

اسلام آباد میں نمائش میریٹ ہوٹل میں صبح 10 بجے سے شام 4 بجے تک جاری رہے گی، جبکہ لاہور میں یہی نمائش نشاط ہوٹل میں اسی وقت منعقد ہوگی۔

نمائش میں شرکت کرنے والی جامعات میں مڈل ایسٹ ٹیکنیکل یونیورسٹی، استنبول ٹیکنیکل یونیورسٹی، انقرہ یونیورسٹی، اتاترک یونیورسٹی، استنبول یونیورسٹی جراح پاشا، ازمیر یونیورسٹی آف اکنامکس، اسکی شہر ٹیکنیکل یونیورسٹی اور ایسٹرن میڈیٹیرینین یونیورسٹی سمیت دیگر جامعات شامل ہیں۔

ان جامعات میں طب، انجینئرنگ، آرکیٹیکچر، ایوی ایشن، بزنس اور آرٹس سمیت مختلف شعبوں میں اعلیٰ تعلیم کے مواقع دستیاب ہیں۔

نمائش کے دوران طلبہ اور والدین کو یونیورسٹیوں کے نمائندگان سے داخلے کے معیار، وظائف، ٹیوشن فیس، رہائش اور انگریزی و ترکی زبان میں تدریسی پروگراموں سے متعلق براہ راست معلومات حاصل کرنے کا موقع ملے گا۔

ترکیہ بین الاقوامی طلبہ کے لیے اعلیٰ تعلیم کا ایک اہم مرکز بن چکا ہے۔ تعلیمی سال 2024-25 کے دوران ترکیہ کی جامعات میں 182 ممالک اور خطوں سے تعلق رکھنے والے 3 لاکھ 50 ہزار سے زائد بین الاقوامی طلبہ زیر تعلیم تھے۔

اس نمائش کا مقصد پاکستانی طلبہ کو ترکیہ کی جامعات میں اعلیٰ تعلیم کے مواقع، داخلے کے طریقہ کار اور تعلیمی پروگراموں کے بارے میں مستند معلومات تک براہ راست رسائی فراہم کرنا ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔