اسلام آباد (آئی پی ایس )وفاقی حکومت نے صارفین کو قیمتوں کے بڑے جھٹکوں سے بچانے کے لیے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی سے اکتوبر تا دسمبر 2026 کے تین ماہ کے لیے یکساں اور پیشگی ماہانہ فیول کاسٹ ایڈجسٹمنٹ کی مد میں فلیٹ 3.04 روپے فی یونٹ اضافے کی درخواست کر دی ہے۔ حکومتی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے نیپرا نے اس درخواست کی منظوری کے لیے منگل 2 دسمبر کو ہنگامی عوامی سماعت طلب کر لی ہے۔
اس مجوزہ فیول کاسٹ ایڈجسٹمنٹ کا اطلاق دسمبر کے بجلی کے بلوں سے ہوگا۔ نیپرا کی جانب سے جاری کردہ عوامی سماعت کے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ وزارت توانائی نے اکتوبر تا دسمبر 2026 کی مدت کے لیے 3.04 روپے فی کلو واٹ آور کی شرح سے ایف ایف سی اے لاگو کرنے کی استدعا کی ہے۔وزارت توانائی کی درخواست کے مطابق اکتوبر کے لیے صارفین سے پہلے ہی وصول کیے جانے والے بنیادی نرخوں کے علاوہ 2.88 روپے فی یونٹ اضافی ایڈجسٹمنٹ مانگی گئی تھی، جس پر عوامی سماعت مکمل ہو چکی ہے۔
اسی طرح نومبر کے لیے اضافی ایف سی اے کا تخمینہ 92 پیسے فی یونٹ جبکہ دسمبر کے لیے 5.13 روپے فی یونٹ لگایا گیا ہے۔ یوں تینوں ماہ کی اوسط نکال کر 3.04 روپے فی یونٹ فلیٹ ریٹ تجویز کیا گیا ہے۔دوسری جانب حکومت نے گزشتہ ہفتے اعلان کیا تھا کہ اضافی فیول ایڈجسٹمنٹ کو 83 پیسے فی یونٹ تک محدود رکھا جائے گا۔اس حوالے سے رابطہ کرنے پر پاور ڈویژن کے ترجمان نے وضاحت کی کہ یہ موازنہ ستمبر کے 2.37 روپے فی یونٹ کے ایف سی اے کے مقابلے میں کیا گیا تھا۔
درخواست میں مقف اختیار کیا گیا ہے کہ یکساں ایف ایف سی اے کا تعین دستیاب ایندھن کی قیمتوں، متوقع ایل این جی سپلائی، گیس کی اضافی فراہمی اور تھرمل ذرائع پر انحصار کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔وزارت نے نیپرا سے درخواست کی ہے کہ وہ پالیسی گائیڈ لائنز اور مروجہ فریم ورک کے مطابق کارروائی کا آغاز کرے، اکتوبر 2026 سے موجودہ ماہانہ میکانزم میں ایف ایف سی اے کو شامل کرے اور سہ ماہی کے لیے حتمی شرح کا تعین کرے۔
