اسلام آباد (سب نیوز)فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری(ایف پی سی سی آئی)کی مرکزی قائمہ کمیٹی برائے امپورٹ اینڈ ایکسپورٹ ٹریڈ کا چوتھا اجلاس ایف پی سی سی آئی کیپیٹل آفس اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس میں تجارت کے فروغ، نوجوانوں کی انٹرپرینیورشپ اور برآمدات میں اضافے سے متعلق امور پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔اجلاس کی صدارت کمیٹی کے کنوینر جناب طاہر رشید بھٹہ نے کی۔اجلاس میں وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین کی فوکل پرسن ڈاکٹر روبینہ اعوان، ایف پی سی سی آئی کیپیٹل آفس کے چیئرمین/انچارج کریم عزیز ملک، جنوبی کوریا کے ادارے بی گرین ہیروزکے چیف ایگزیکٹو آفیسر سائی چانگ اور کلیرٹی کنسلٹنٹ ابیولا ایٹوبیٹل نے خصوصی شرکت کی۔اجلاس میں ڈپٹی کنوینرز ڈپٹی کنوینرز آف دی کمیٹی سید ذوالفقار حیدر اور سامعہ راشد، کے علاوہ کمیٹی کے اراکین رخسار احمد عسکری، متعفف وہاج، فرخ الیاس، علی حسن، عبدالکبیر حسن، مزمل زمان، فتح شیر چیمہ، اسامہ الیاس، محمد زبیر احمد، ذیشان اسلم، محترمہ حنا ذوالفقار، محترمہ عائشہ افضل، محترمہ سمیرا نوید، رابعہ تبسم اور کاروباری برادری کے دیگر ممتاز نمائندگان بھی موجود تھے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے طاہر رشید بھٹہ نے اس بات پر زور دیا کہ پائیدار معاشی ترقی محض حکومتی پالیسیوں سے حاصل نہیں کی جا سکتی بلکہ اس کے لیے سرکاری اور نجی شعبوں کے درمیان مضبوط شراکت داری ناگزیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کو سہولت کاری فراہم کرنی چاہیے، اداروں کو بھرپور تعاون کرنا چاہیے، صنعتوں کو سرمایہ کاری کرنی چاہیے اور ہمارے نوجوانوں کو جدت طرازی کو اپنانا چاہیے۔ انہوں نے ایک ایسے پاکستان کے وژن کا اظہار کیا جہاں گجرات، لاہور، کراچی، پشاور، کوئٹہ یا کسی بھی دوسرے شہر سے تعلق رکھنے والا نوجوان کاروباری اپنا کاروبار قائم کر سکے اور پاکستانی مصنوعات کو کامیابی کے ساتھ عالمی منڈیوں میں برآمد کر سکے، تاکہ ہمارے نوجوانوں کو بین الاقوامی سطح پر نہ صرف ان کی صلاحیتوں بلکہ ان کی مصنوعات، خدمات، جدت اور کاروباری قیادت کی بدولت پہچانا جائے۔ باہمی اشتراک کے اہم پہلوں کو اجاگر کرتے ہوئے جناب طاہر رشید بھٹہ نے درج ذیل اقدامات کی تجاویز پیش کیں: ایف پی سی سی آئی کے اشتراک سے یوتھ ایکسپورٹ فیسیلیٹیشن اینڈ انٹرپرینیورشپ ڈیسک کا قیام، نوجوان کاروباری افراد کے لیے خصوصی ایکسپورٹ ٹریننگ اور استعداد کار بڑھانے کے پروگراموں کا انعقاد، نوجوانوں کی زیرِ قیادت اہل کاروباری اداروں کو متعلقہ فنانسنگ اور بزنس سپورٹ اسکیموں سے منسلک کرنا، بین الاقوامی تجارتی نمائشوں اور کاروباری وفود میں نوجوانوں کی شرکت کی سہولت کاری، اور چیمبرز آف کامرس کے ذریعے نوجوان برآمد کنندگان اور کاروباری افراد کا قومی نیٹ ورک تشکیل دینا۔
اجلاس کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین کی فوکل پرسن ڈاکٹر روبینہ اعوان نے نوجوان کاروباری افراد کو بااختیار بنانے کے حکومتی عزم کو اجاگر کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پائیدار معاشی ترقی کے لیے نوجوانوں کو جدید تجارتی مہارتوں سے آراستہ کرنا اور انہیں بین الاقوامی منڈیوں سے جوڑنا انتہائی ضروری ہے۔ ایف پی سی سی آئی کیپیٹل آفس کے چیئرمین/انچارج جناب کریم عزیز ملک نے اپنے ریمارکس میں قومی برآمدات کے فروغ میں نجی شعبے کے کلیدی کردار کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایف پی سی سی آئی کیپیٹل آفس کاروباری برادری کو سہولیات فراہم کرنے اور صنعتی اسٹیک ہولڈرز و پالیسی سازوں کے درمیان خلیج کودور کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہے۔ ڈپٹی کنوینر جناب سید ذوالفقار حیدر نے برآمدی طریقہ کار کو آسان بنانے اور تاجروں کو درپیش رکاوٹیں دور کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی عالمی تجارتی مسابقت بڑھانے کے لیے کاروبار میں آسانی پیدا کرنا ناگزیر ہے۔ ڈپٹی کنوینر محترمہ سمیعہ رشید نے بین الاقوامی تجارت میں خواتین کاروباری افراد اور ابھرتے ہوئے کاروباروں کی بھرپور شمولیت کی حوصلہ افزائی کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ جامع معاشی پالیسیوں سے برآمدات کے نئے شعبوں کو فروغ ملے گا۔ اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے زینب احسان نے جدید تجارتی طریقوں کو اپنانے اور غیر دریافت شدہ عالمی منڈیوں تک رسائی کے لیے بزنس ٹو بزنس روابط کو مزید مستحکم بنانے کے حوالے سے اپنے خیالات پیش کیے۔
