ہومتازہ ترینایران کا ’گلا گھونٹنے‘ کے لیے ’ٹاسک فورس آئرن گیٹ‘ مکمل فعال ہے، ٹرمپ

ایران کا ’گلا گھونٹنے‘ کے لیے ’ٹاسک فورس آئرن گیٹ‘ مکمل فعال ہے، ٹرمپ

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ایران کی بحری ناکہ بندی کے ساتھ ساتھ زمینی راستوں سے بھی سپلائی روکنے کے ’ٹاسک فورس آئرن گیٹ‘ پوری قوت کے ساتھ فعال ہے۔

ویسٹ پام بیچ پر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ ہم ایران جنگ کو ختم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور ہمیں کامیابی بھی حاصل ہو رہی ہے۔ “ہمیں ایران کا ’گلا گھونٹنا‘ ہوگا جس کے آپریشن آئرن گیٹ فعال ہے جس کی وجہ سے ایران میں زمینی راستے سے کچھ (جنگی سامان) نہیں پہنچ سکتا۔”

انہوں نے کہا کہ ایران کی بحری ناکہ بندی کی وجہ سے سمندر کے ساتھ بھی ملک میں کسی شے کی سپلائی ممکن نہیں۔

ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران کے پاس دولت نہیں ہے، وہ اپنے فوجیوں کو تنخواہ نہیں دے پا رہا، وہاں مہنگائی 300 فیصد تک بڑھ چکی ہے جس کے باعث ایران بہت جلد گھٹنے ٹیکنے پر مجبور ہو جائیگا۔

انہوں نے ایک بار پھر دعویٰ کیا کہ وہ اگر چاہیں تو ابھی ایران کو ’اڑا دیں‘ مگر وہ ایسا نہیں چاہتے کیونکہ تباہ شدہ انفراسرکچرکو دوبارہ تعمیر کرنا ممکن نہیں ہوگا۔

ٹاسک فورس آئرن گیٹ کے کیا مقاصد ہیں؟
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق امریکی فوج نے ہفتے کو اپنے بیان میں کہا تھا کہ نئی ٹاسک فورس ایران کی جانب سے جدید ہتھیاروں اور حساس ٹیکنالوجی کی درآمد روکنے کے لیے کام کرے گی۔ ٹاسک فورس کا ہیڈکوارٹر امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر ٹمپا میں ہوگا اور یہ مختلف امریکی سرکاری اداروں کے ساتھ مل کر کارروائیاں کرے گی۔

امریکی حکام کے مطابق ٹاسک فورس آئرن گیٹ کا مقصد صرف ہتھیاروں کی ترسیل روکنا نہیں بلکہ ایسی دوہرے استعمال کی ٹیکنالوجی کی نقل و حرکت محدود کرنا بھی ہے جو سویلین اور فوجی دونوں مقاصد کے لیے استعمال ہوسکتی ہے۔

امریکی سینٹرل کمانڈ نے جولائی سے آبنائے ہرمز میں ایرانی بندرگاہوں پر سخت بحری ناکہ بندی نافذ کر رکھی ہے جس کے تحت ایران آنے اور جانے والے تجارتی جہازوں کی نقل و حرکت محدود کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

رائٹرز کے مطابق ٹاسک فورس آئرن گیٹ کی مہم کا مقصد ایران کی جانب سے اپنی زمینی سرحدوں اور بحیرہ کیسپین کے راستے جدید ہتھیاروں اور دیگر پابندیوں کے شکار سامان کی نقل و حرکت روکنا ہے۔

ٹرمپ نے مزید کہا ہے کہ ایران کے ساتھ جنگ ختم کرنے کے لیے مذاکرات میں پیش رفت ہوئی تو امریکا کی جانب سے نئے حملوں کا امکان انتہائی کم ہے۔ انہوں نے سی این این کو ٹیلی فون پر انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ اس کا انحصار اس بات پر ہے کہ آیا ایران ایک بہت مضبوط معاہدے پر دستخط کرتا ہے یا نہیں۔ ان کے بقول ایسی صورت میں نئے حملوں کی ضرورت پیش آنے کا امکان انتہائی کم ہے۔

قبل ازیں ٹرمپ اعلان کر چکے ہیں کہ اگر ایران پر حملے دوبارہ شروع کرنے پڑے تو امریکا نے ممکنہ اہداف کی نشاندہی کر رکھی ہے جن میں 38 پل بھی شامل ہیں جنہیں ایک گھنٹے کے اندر تباہ کیا جا سکتا ہے۔

ٹرمپ نے گزشتہ ہفتے ہونے والے امریکی وسط مدتی انتخابات کے بعد تسلیم کیا تھا کہ ایران جنگ ریپبلکن پارٹی کی شکست کی ایک وجہ تھی۔ نائب صدر جے ڈی وینس نے بھی سوشل میڈیا پر ایک بیان میں کہا تھا کہ ’ہماری شکست کی وجہ جنگ تھی‘۔ ٹرمپ نے اتوار کو صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ بہت سے لوگوں کو ایران کے معاملے پر وینس کے تبصرے پسند نہیں آئے۔

امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کی شکست اور ایران جنگ کے درمیان تعلق پر تبصرہ کرنے سے گریز کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ صدر نے امریکا کو درپیش ایک حقیقی خطرے کی نشاندہی کی جو طویل عرصے سے موجود تھا اور انہوں نے اس سے نمٹنے کے لیے کارروائی کی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔